مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی ادارہ برائے جوہری توانائی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران ایک طاقتور اور خودمختار ملک ہے اور کوئی بھی ایران کو یہ نہیں بتا سکتا کہ اسے کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں، کیونکہ ایران خود اپنے راستے کا تعین کرتا ہے۔
محمد اسلامی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے اہداف اور مفادات کی بنیاد پر پوزیشن اور راستے کا تعین کرتا ہے اور کوئی ہمیں یہ نہیں بتا سکتا کہ ہمیں کون سا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
ایٹمی ادارے کے سربراہ نے مزید کہا کہ آج ہم ایک ایسے مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں ہم اُن ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ ہیں جنہوں نے اس راہ میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ اس مقام سے اب واپسی ممکن نہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی انقلاب کے بعد سے ایران نے خودمختار طرز عمل اختیار کیا ہے۔ ہم نے ہر قدم قومی اہداف اور مفادات کے مطابق اٹھایا ہے۔
اسلامی نے مزید کہا کہ ایران کی پیش قدمی اسلامی و ایرانی اقدار، قومی شناخت اور مفادات کی بنیاد پر جاری ہے اور یہی عوامل اس کے آئندہ سفر کا تعین کرتے ہیں۔