آئی پی ایل 2025: حیدر آباد نے بنگلورو کو 42 رنوں سے ہرایا، ٹاپ-2 کی ریس ہوئی دلچسپ

حیدر آباد نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 231 رنوں کا پہاڑ کھڑا کیا تھا۔ جواب میں بنگلورو کی ٹیم 19.5 اوورس میں 189 رن ہی بنا سکی اور 42 رنوں سے ہار گئی۔
فتحیاب حیدر آباد کی ٹیم، تصویر@IPL
آج لکھنؤ میں کھیلا گیا آئی پی ایل میچ رنوں کی بارش والا ثابت ہوا۔ حیدر آباد اور بنگلورو کے درمیان ہوئے اس میچ میں مجموعی طور پر 420 رن بنے۔ حیدر آباد پلے آف کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہے، لیکن آج بنگلورو کو 42 رنوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ-2 کی ریس کو دلچسپ بنا دیا ہے۔ اس وقت گجرات 18 پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہے اور اسے ایک میچ ابھی کھیلنا ہے۔ بنگلورو کے 13 میچوں میں 17 پوائنٹس ہیں، جبکہ پنجاب کے 12 میچوں میں 17 پوائنٹس ہیں۔ یعنی پنجاب زیادہ سے زیادہ 21 پوائنٹس، گجرات زیادہ سے زیادہ 20 پوائنٹس اور بنگلورو زیادہ سے زیادہ 19 پوائنٹس تک پہنچ سکتی ہے۔ ممبئی کو بھی مزید ایک میچ کھیلنا ہے اور وہ زیادہ سے زیادہ 18 پوائنٹس تک پہنچ سکتی ہے۔
آج حیدر آباد کو پہلے بلے بازی کا موقع ملا تھا اور شروعات امید کے مطابق طوفانی ملی۔ پہلے وکٹ کے لیے 4 اوورس میں ہی 54 رنوں کی شراکت داری ہوئی اور پھر رنوں کی یہ رفتار آگے کے بلے بازوں نے بھی بنائے رکھا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ حیدر آباد نے 20 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 231 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ ایشان کشن نے 48 گیندوں پر سب سے زیادہ (ناٹ آؤٹ) 94 رنوں کی اننگ کھیلی۔ باقی کھلاڑیوں نے چھوٹی چھوٹی، لیکن تیز اننگ کھیل کر اہم تعاون کیا۔ ابھشیک شرما نے 17 گیندوں پر 34، انیکیت ورما نے 9 گیندوں پر 26 اور ہنرک کلاسین نے 13 گیندوں پر 24 رن بنائے۔ بنگلورو کی طرف سے گیندبازی میں روماریو شیفرڈ نے 2 اوورس میں 14 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھونیشور کمار، لنگی اینگیڈی، سویش شرما اور کرنال پانڈیا کو 1-1 وکٹ ملے۔
232 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری بنگلورو کی ٹیم کی شروعات حیدر آباد سے بھی بہترین رہی اور آخر کے 5 اوورس کو چھوڑ دیا جائے تو کبھی بھی بنگلورو پیچھے دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ وراٹ کوہلی (25 گیندوں میں 43 رن) اور فل سالٹ (32 گیندوں میں 62 رن) کے درمیان پہلے وکٹ کے لیے 7 اوورس میں 80 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ اس کے بعد مینک اگروال (11 رن)، رجت پاٹیدار (18 رن) اور جتیش شرما (24 رن) نے بنگلورو کو جیت کے راستے پر ڈالنے کی کوشش کی، لیکن رنوں کا پہاڑ اتنا اونچا تھا کہ وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو پھر رکا نہیں۔ ٹاپ آرڈر کے 5 بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا۔
حیدر آباد کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے نچلے آرڈر کے بلے بازوں کو سستے میں نمٹا دیا۔ انھوں نے 4 اوورس میں 28 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ احسان ملنگا نے 4 اوورس میں 37 رن دے کر 2 اہم بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ جے دیو انادکٹ، ہرشل پٹیل، ہرش دوبے اور نتیش کمار ریڈی کے حصے میں 1-1 وکٹ آئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔