سائبر سیک انڈیا ایکسپو: ممبئی میں عالمی سائبر سکیورٹی ماہرین کی میٹنگ

سائبر سیک انڈیا ایکسپو: ممبئی میں عالمی سائبر سکیورٹی ماہرین کی میٹنگ

ممبئی: ہندوستان میں سائبر خطرات میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر، ملک اور دنیا بھر سے سائبر سکیورٹی کے 100 سے زیادہ ماہرین جون میں ممبئی میں اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے جمع ہوں گے۔

حکومت مہاراشٹر کے پرنسپل سکریٹری برجیش سنگھ نے کہا کہ سائبر سکیورٹی اب انتخاب نہیں بلکہ ایک قومی ضرورت ہے، کیونکہ موجودہ دور میں جو خطرات درپیش ہیں وہ کاروبار، افراد، حکومتوں اور قومی سلامتی تک کو متاثر کر رہے ہیں۔ برجیش سنگھ نے سائبر سیک انڈیا ایکسپو 2025 کے حوالے سے کہا کہ مہاراشٹر نے ہمیشہ ڈیجیٹل تبدیلی کو اپنانے میں قیادت کی ہے اور وہ ان تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں جو سکیورٹی، اعتماد اور تکنیکی اختراع کو ترجیح دیتی ہیں۔

یہ ایکسپو 11 سے 12 جون کو ممبئی کے نیسکو کمپلیکس میں منعقد ہوگا، جس میں عالمی بہترین طریقے پیش کیے جائیں گے اور اجتماعی لچک کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ملک کے ڈیجیٹل مستقبل کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا جائے گا۔
برجیش سنگھ، جو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس بھی ہیں، نے کہا کہ یہ ایونٹ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہندوستان کو بڑھتے ہوئے سائبر خطرات کا سامنا ہے۔

‘آپریشن سندور’ کے پس منظر میں بھی اس میٹنگ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ ڈیٹا سکیورٹی کونسل آف انڈیا (ڈی ایس سی آئی ) کی تازہ رپورٹ کے مطابق، ملک میں 2024 میں 370 ملین سے زیادہ میلویئر حملے ریکارڈ کیے گئے، یعنی اوسطاً ہر منٹ میں 702 حملے۔ صرف 2025 کی پہلی سہ ماہی میں، سائبر حملوں کی تعداد 369 ملین سے تجاوز کر گئی، جس کے بعد ہندوستان دنیا میں سائبر حملوں کا دوسرا سب سے زیادہ نشانہ بننے والا ملک بن گیا ہے۔ سائبر سکیورٹی وینچرز کے مطابق، 2025 کے آخر تک سائبر کرائم سے عالمی معیشت کو 10.5 ٹریلین ڈالر سالانہ کا نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔

ہندوستان، جہاں 900 ملین سے زائد انٹرنیٹ صارفین ہیں، اس بحران کا مرکز ہے۔ ڈیٹا سیکیورٹی کونسل آف انڈیا اور سیکرائٹ کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں سب سے زیادہ نشانہ بننے والے شعبے صحت کی دیکھ بھال، مہمان نوازی اوربی ایف ایس آئی ہیں، جو مضبوط سائبر سکیورٹی فریم ورک کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔

دوسری طرف، آئی ڈی سی کے مطابق، ہندوستان میں سائبر سکیورٹی اخراجات بھی 2025 تک 3.5 بلین ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے، اور 2030 تک یہ مارکیٹ 20.48 بلین ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔ اسی طرح، سائبر سیکیورٹی جاب مارکیٹ بھی 2025 تک 280 بلین روپے تک پہنچنے کے لیے تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔

تقریب کے منتظم میڈیا فیوژن ایل ایل سی کے منیجنگ ڈائریکٹر طاہر پتراوالا نے کہا کہ یہ میٹنگ ہندوستان کے سائبر سکیورٹی ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے اور ملک کے ڈیجیٹل مستقبل کو محفوظ بنانے کی ایک کوشش ہے۔



[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے