بنگلہ دیش: قتل کے ایک معاملہ میں ایئرپورٹ سے گرفتار کی گئی معروف اداکارہ نصرت فاریہ نے توڑی خاموشی
اقدام قتل کے معاملہ میں کُل 17 لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں، جن میں نصرت فاریہ کا نام بھی ہے۔ فی الحال معاملہ کی تحقیقات جاری ہے اور اب تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ نصرت فاریہ کا اس عمل میں کتنا دخل ہے۔
بنگلہ دیش کی معروف اداکارہ نصرت فاریہ ان دنوں سرخیوں میں ہیں۔ حال ہی میں انہیں ڈھاکہ ایئرپورٹ سے تھائی لینڈ جاتے وقت حراست میں لے لیا گیا تھا۔ اس کے بعد فلم انڈسٹری سے لے کر سیاسی گلیاروں میں ایک تہلکہ مچ گیا۔ اب اس پورے تنازعہ پر نصرت فاریہ نے اپنی خاموشی توڑی ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر ایک جذباتی پوسٹ کی ہے۔ پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ اس مشکل وقت نے انہیں توڑ کر رکھ دیا ہے، لیکن ان کے اندر انصاف کے تئیں امید اب بھی قائم ہے۔
نصرت فاریہ نے اپنے اہل خانہ، مداحوں اور اہل وطن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہی وہ طاقت ہے جس نے ان کو اس مشکل وقت میں حوصلہ دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’میں خود کو بے قصور مانتی ہوں اور مجھے عدالتی نظام پر کامل یقین ہے۔ سچائی کو دیر سے ہی صحیح، سامنے آنا ہی ہے اور جب وہ دن آئے گا تب میں اور بھی مضبوط ہو کر سامنے آؤں گی۔‘‘ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پورا معاملہ بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں طالب علم پر ہوئے ایک حملہ سے متعلق ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ حملہ ان احتجاجی مظاہروں کے دوران ہوا تھا جو حکومت کے خلاف چل رہے تھے۔ نصرت فاریہ پر الزام ہے کہ وہ اس حملہ میں مبینہ طور پر شامل تھیں اور اسی معاملہ میں ان کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ مذکورہ معاملہ میں کُل 17 لوگوں کے نام سامنے آئے ہیں، جن میں نصرت فاریہ کا نام بھی شامل ہے۔ یہ معاملہ کافی سنگین ہے کیونکہ اس میں قتل کی کوشش کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں۔ فی الحال معاملہ کی تحقیقات جاری ہے اور اب تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ نصرت فاریہ کا اس عمل میں کتنا دخل ہے۔ بہرحال، نصرت فاریہ کی جذباتی پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں زبردست حمایت مل رہی ہے۔ مداحوں سے لے کر کئی فلمی ہستیاں تک ان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں اور انہیں مضبوطی سے ڈٹے رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔