غازی پور میں ہائی ٹینشن تار کی زد میں آنے سے کانسٹیبل سمیت 4 لوگوں کی موت، 3 شدید طور پر زخمی

مَردہ تھانہ کے نرور گاؤں میں کاشی داس پوجا کے لیے بانس لگانے کے دوران حادثہ پیش آیا۔ اس پوجا میں شرکت کے لیے آس پاس کے ضلعوں کے لوگ ہزاروں کی تعداد میں جمع ہوئے تھے۔


غازہ پورحادثہ / ویڈیو گریب
یوپی: غازی پور کے مَردہ تھانہ کے نرور گاؤں میں کاشی داس پوجا کے لیے بانس لگانے کے دوران بدھ کی صبح ہائی ٹینشن تار کی زد میں آنے سے 4 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 3 دیگر بُری طرح جھلس گئے۔ سبھی زخمیوں کو مئو کے فاطمہ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پروگرام میں سماج وادی پارٹی کے رہنما شیو پال سنگھ کی شرکت بھی متوقع تھی۔
ہائی ٹینشن تار کی زد میں آنے والوں میں رویندر یادو (28)، گورکھ یادو (20)، چھوٹو یادو (35)، سنتوش یادو (25)، امن یادو (22)، امریکہ یادو (16)، جتندر یادو (16) شامل ہیں۔ اس دردناک حادثہ کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے جھلسے ہوئے لوگوں کو ایمبولنس کی مدد سے اسپتال بھجوایا۔ مرنے والوں میں رویندر یادو اتر پردیش پولیس میں کانسٹیبل تھا۔ وہ امبیڈ نگر میں تعینات تھا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے لوگ کاشی داس کی پوجا کی تیاری کر رہے تھے۔ 11 بجے سے انعقاد ہونا طے تھا۔ اس پوجا میں آس پاس کے ضلعوں کے لوگ بھی ہزاروں کی تعداد میں جمع ہوئے تھے۔ پوجا کے لیے منڈپ بنانے کے لیے کچھ لوگ بانس کاٹ کر لا رہے تھے۔ اسی دوران بانس کا اوپری حصہ ہائی ٹینشن تار سے سٹ گیا جس سے ایک کے بعد ایک لوگ جھلستے چلے گئے۔
حادثے کے بعد علاقے میں چیخ و پکار مچ گیا۔ شور سن کر آس پاس کے لوگ جمع ہو گئے۔ زخمیوں کو مؤ ضلع کے فاطمہ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ یہاں ڈاکٹروں نے چار لوگوں کو مردہ قرار دے دیا۔ وہیں سنگین طور سے زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
دوسری طرف حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی دیہی اتل کمار سونکر، قاسم آباد سی او، تھانہ صدر تارامتی یادو سمیت کئی تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی۔ اے ایس پی نے تصدیق کی کہ ہائی ٹینشن تار کی زد میں آنے سے 4 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔