چندی گڑھ (منصف ویب ڈیسک) حصولِ علم کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ عربی میں مقولہ ہے کہ اطلبوا العلم من المھد الی اللحد یعنی علم حاصل کرو ماں کی گود سے لے کر قبر تک۔
اس بات کو سچ ثابت کیا ایک باپ اور بیٹے نے۔ ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے اوتار سنگھ نے چند برس قبل دسویں جماعت کامیاب کرنے کے بعد ترکِ تعلیم کردیا تھا
اور اب انھوں نے اپنے بیٹے کے ساتھ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ باپ نے امتحانات میں بیٹے سے زیادہ نمبرات حاصل کیے ہیں، جب کہ بیٹا بھی چند برس قبل دسویں جماعت کامیاب کرنے کے بعد ایک کمپنی میں سیکیوریٹی گارڈ کی حیثیت سے کام کر رہا تھا۔
اوتار سنگھ نے 1982 میں دسویں جماعت کامیاب کیا تھا اور اب بیٹے نے انھیں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات لکھنے کی ترغیب دی، جسے قبول کرتے ہوئے انھوں نے تیاری کرکے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 72 نشانات سے اور بیٹے نے 69 فیصد نشانات سے کامیابی حاصل کی ہے اور دونوں باپ بیٹوں نے ڈگری کے لیے پنجاب یونیورسٹی سے بی اے میں داخلہ لیا ہے۔