آئی پی ایل 2025: راجستھان نے یکطرفہ مقابلے میں چنئی کو 6 وکٹ سے شکست دے کر اپنی مہم کا کیا اختتام

راجستھان نے آئی پی ایل 2025 کے اپنے آخری مقابلے میں چنئی کو 6 وکٹ سے بہ آسانی شکست دے دی۔ ایک بار پھر راجستھان کے سلامی بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔
ویبھو سوریہ ونشی، تصویر@IPL
آئی پی ایل 2025 میں آج کھیلے گئے 62ویں مقابلے میں راجستھان رائلس نے چنئی سپر کنگز کو بہ آسانی 6 وکٹ سے شکست دے دی۔ یہ اس سیزن میں راجستھان کی چوتھی جیت تھی اور اپنے آخری میچ میں فتحیابی کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ میں اپنی مہم کا اختتام بھی کر دیا۔ راجستھان اور چنئی دونوں ہی ٹیمیں پلے آف سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں اور پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے پائیدان (چنئی دسویں مقام پر اور راجستھان نویں مقام پر) پر کھڑی ہیں۔
راجستھان رائلس نے اس مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا، جو درست ثابت ہوا۔ چنئی نے 12 رن پر ہی 2 وکٹ گنوا دیے تھے۔ اس کے بعد آیوش مہاترے نے ایک طوفانی اننگ کھیلی اور پاور پلے میں تیزی دکھائی، لیکن راجستھان کے گیندبازوں نے جلد ہی شکنجہ کسنا شروع کر دیا۔ مہاترے نے 20 گیندوں پر 43 رن بنائے، جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اس کے بعد ڈیوالڈ بریوس نے 25 گیندوں پر 42 رن بنا کر ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف بڑھایا۔ شیوم دوبے نے بھی 39 رن بنائے، جس کے سبب چنئی کی ٹیم 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 187 رن بنانے میں کامیاب رہی۔ راجستھان کی طرف سے یدھویر سنگھ اور آکاش مڈھوال نے سب سے زیادہ 3-3 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ تشار دیش پانڈے اور وانندو ہسرنگا کے حصے میں آئے۔
188 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے راجستھان کی شروعات انتہائی شاندار رہی۔ یشسوی جیسوال نے 19 گیندوں پر تیز طرار 36 رن بنائے، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ویبھو نے طوفانی انداز اختیار کیا اور 33 گیندوں پر 57 رنوں کی اننگ کھیل کر میچ کو یکطرفہ کر دیا۔ ویبھو نے اپنی اس اننگ میں 4 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔ سلامی بلے بازوں کے علاوہ کپتان سنجو سیمسن نے بھی 41 رنوں کا تعاون کیا۔ آخر میں دھرو جوریل نے 12 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 31 رن بنا کر مقابلے کو ختم کر دیا۔ چنئی کی طرف سے گیندبازی میں سب سے زیادہ 2 وکٹ آر اشون نے لیے، لیکن ساتھ ہی انھوں نے 4 اوورس میں 41 رن بھی دے دیے۔ 1-1 وکٹ انشول کمبوج اور نور احمد کے حصے میں آئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔