بھوپال (آئی اے این ایس) مدھیہ پردیش کے وزیر قبائلی امور کنور وجئے شاہ نے آخرکار آج کابینی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ وہ سینئر فوجی عہدیدار کرنل صوفیہ قریشی کے تعلق سے اپنے ریمارکس پر تنازعہ میں گھرے ہیں۔
سپریم کورٹ نے کل معاملہ کی تحقیقات کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔ ریاستی ڈائرکٹر جنرل پولیس نے 3 سینئر آئی پی ایس عہدیداروں پرمود ورما انسپکٹر جنرل ساگر‘ کلیان چکرورتی ڈپٹی انسپکٹر جنرل اسپیشل آرمڈ فورسس اور واہنی سنگھ سپرنٹنڈنٹ پولیس ڈنڈوری پر مشتمل خصوصی تحقیقاتی ٹیم بنادی۔
منگل کے دن اندور کے تاریخی رجواڑہ محل میں مدھیہ پردیش کابینہ کا خصوصی اجلاس اندور کی رانی اہلیہ بائی ہولکر کا 300 واں یوم ِ پیدائش منانے کے لئے طلب کیا گیا۔ رجواڑہ محل کے گنیش ہال میں اجلاس منعقد کیا گیا۔