کرناٹک: کانگریس حکومت کے 2 سال مکمل، راہل گاندھی نے کہا ’ہم ریاست کے ایک لاکھ لوگوں کو مالکانہ حق دینے جا رہے ہیں‘

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کرناٹک میں بہت سے لوگوں کے پاس زمینیں ہیں، لیکن ان کے پاس مالکانہ حق نہیں ہے۔ آج کرناٹک حکومت ریاست کے 1 لاکھ کنبوں کو مالکانہ حق دینے جا رہی ہے۔‘‘
راہل گاندھی، تصویر @INCIndia
کرناٹک کی کانگریس حکومت نے 2 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر ریاستی حکومت نے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور ریاست کے وزیر اعلیٰ سدارمیا خصوصی طور پر موجود رہے۔ ایک طرف کانگریس پارٹی نے گزشتہ 2 سالہ حکومت میں عوام کے لیے کیے گائے کاموں کی جانکاری دی، وہیں دوسری جانب ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو زمین کا مالکانہ حق دینے سے متعلق اعلان بھی کیا ہے۔
اس موقع پر راہل گاندھی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کرناٹک میں کانگریس حکومت کی تشکیل کو 2 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ ہم نے انتخاب کے دوران 5 گارنٹی پورا کرنے کا وعدہ کیا تھا، بی جے پی اور وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ کانگریس گارنٹی پوری نہیں کرے گی۔ لیکن ہم نے اپنی گارنٹی پوری کی۔‘‘ ساتھ ہی راہل گاندھی نے پارٹی کی حصولیابیوں کو شمار کراتے ہوئے کہا کہ ہماری پہلی گارنٹی ’گرہ لکشمی یوجنا‘ کے تحت 1 کروڑ خواتین کو ہر ماہ 2000 روپے دینے کا تھا۔ کرناٹک حکومت کروڑوں خواتین کے کھاتوں میں یہ پیسے پہنچاتی ہے۔ ہماری دوسری گارنٹی تھی ’گرہ جیوتی یوجنا‘، اس کے تحت کروڑوں پریواروں کو 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کے تھی، جو ہم نے مکمل کیا۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کرناٹک میں بہت سے لوگوں کے پاس زمینیں ہیں، لیکن ان کے پاس مالکانہ حق نہیں ہے۔ اس میں سبھی طبقے کے لوگ شامل ہیں۔ ان کے پاس جائیداد یا مالکانہ حق نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کوئی سرکاری سہولت نہیں مل پائی۔ میں نے اس مسئلہ کو پارٹی کے سینئر لیڈران کے سامنے رکھا اور میں نے ان سے کہا کہ جس کے پاس کرناٹک میں زمین ہے، اس کے پاس مالکانہ حق بھی ہونا چاہیے۔ آج کرناٹک حکومت ریاست کے 1 لاکھ پریواروں کو مالکانہ حق دینے جا رہی ہے۔‘‘
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ڈیجیٹل رجسٹری کے تعلق سے بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی میں زمین کی ڈیجیٹل رجسٹری ہونی چاہیے، ہماری گارنٹی سے ریاست کے غریب لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 50000 ایسے پریوار ہیں جن کے پاس ابھی بھی مالکانہ حق نہیں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اگلے 6 ماہ میں انہیں بھی ان کا مالکانہ حق مل جائے۔ 2000 ریونیو ویلج کا اعلان کیا گیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ 500 اور ریونیو ویلج کا اعلان کیا جائے۔ کرناٹک میں ہر کسی کو ان کا مالکانہ حق ملنا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔