حیدرآباد: تلگو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے سینما تھیٹر مالکین(ایگزیبیٹرس) نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم جون 2025 سے اپنے سنیما ہال بند کر دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اب کرایہ کی بنیاد پر فلمیں نہیں چلائیں گے بلکہ (پرسنٹیج) شیئرنگ ماڈل کے تحت ہی فلموں کی نمائش ممکن ہوگی۔
یہ فیصلہ تلگو فلم چیمبر میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں معروف فلم ساز دِل راجو، سریش بابو سمیت تقریباً 60 تھیٹر مالکین شریک ہوئے۔بتایا جا رہا ہے کہ تھیٹر مالکین اور فلم ڈسٹری بیوٹرس کے درمیان پرسنٹیج کے نظام پر کافی عرصہ سے تنازعہ چل رہا ہے۔
ایگزیبیٹرس کا مؤقف ہے کہ صرف کرایہ پر فلمیں چلانا اب ممکن نہیں رہا جب کہ ڈسٹری بیوٹرس پرسنٹیج ماڈل پر راضی نہیں ہو رہے۔
اس کشمکش نے فلم سازوں (پروڈیوسرس) کو بھی مشکلات میں ڈال دیا ہے۔اس پس منظر میں منعقدہ اجلاس میں تھیٹر مالکین نے حکومت کی پالیسیوں اور پرسنٹیج ماڈل پر تفصیل سے غور و خوض کیا اور فیصلہ کیا کہ پروڈیوسرس کو اس تعلق سے مکتوب روانہ کیا جائے گا۔