یوکو بینک کے سابق چیئرمین پر 6210 کروڑ روپے گھوٹالہ کا الزام، ای ڈی نے کیا گرفتار

ای ڈی کا الزام ہے کہ یوکو بینک کے سابق چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر سبودھ کمار نے اپنی مدت کار کے دوران سی ایس پی ایل کو ضرورت سے زیادہ کریڈٹ سہولیات دیں، جن کا کمپنی نے غلط استعمال کیا۔


یوکو بینک کے سابق چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر سبودھ کمار گویل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نئی دہلی واقع ان کے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی کولکاتا کی کمپنی کانکاسٹ اسٹیل اینڈ پاور لمیٹڈ (سی ایس پی ایل) سے منسلک 6210 کروڑ روپے کے مبینہ بینک لون گھوٹالے کی جانچ کے تحت ہوئی ہے۔ ای ڈی کا الزام ہے کہ سبودھ کمار نے اپنی مدت کار کے دوران سی ایس پی ایل کو ضرورت سے زیادہ کریڈٹ سہولیات دیں، جن کا کمپنی نے غلط استعمال کیا۔ ان فنڈز کو مبینہ طور پر ڈائیورٹ اور سائفن آف کیا گیا، جس سے بینک کو زبردست نقصان ہوا۔ جانچ میں پتہ چلا ہے کہ گویل نے سی ایس پی ایل سے ناجائز رشوت کی شکل میں نقدی، لگژری سامان، ہوٹل بکنگ اور شیل کمپنیوں کے ذریعہ غیر منقولہ ملکیتیں حاصل کیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی نے اپریل 2025 میں گویل اور دیگر مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تھی، جس میں اہم ثبوت حاصل ہوئے ہیں۔ گویل کو 17 مئی کو کولکاتا کی خصوصی پی ایم ایل اے کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں انھیں 21 مئی تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔ کورٹ نے ای ڈی کو ان سے سخت پوچھ تاچھ کی اجازت دی تاکہ گھوٹالے کے پورے نیٹورک کا پتہ لگایا جا سکے۔ اس معاملے میں سی ایس پی ایل کے چیف پروموٹر سنجے سُریکا کو دسمبر 2024 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ای ڈی نے اب تک 510 کروڑ روپے کی ملکیتیں ضبط کی ہیں، جن میں شیل کمپنیوں کے ذریعہ خریدی گئی پراپرٹی شامل ہیں۔
تحقیقات کے درمیان انکشاف ہوا ہے کہ سی ایس پی ایل نے لون (قرض) کے پیسے کو غلط پروجیکٹس میں لگایا اور ڈیفالٹ کر دیا۔ گویل کا الزام ہے کہ انھوں نے قصداً اصولوں کو نظر انداز کیا اور کمپنی کو فائدہ پہنچایا۔ یہ گرفتاری بینکنگ سیکٹر میں بدعنوانی کے خلاف ای ڈی کی سخت کارروائی کا حصہ ہے۔ جانچ فی الحال جاری ہے، اور ای ڈی دیگر مشتبہ افراد و ملکیتوں کی تلاش میں مصروف ہے، تاکہ اس گھوٹالے کی پوری سچائی سامنے آ سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔