دہلی: سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک دل دہلا دینے والا ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس نے ہزاروں لوگوں کو جذباتی کر دیا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک کسان کو تیز بارش میں اپنی محنت سے اگائی گئی فصل کو بچانے کی بے بسی کے عالم میں دیکھا جا سکتا ہے، لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود وہ اپنی فصل کو بچا نہیں پاتا۔
یہ ویڈیو مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم "ایکس” پر @MahasayRit11254 نامی صارف نے شیئر کیا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا :
"مجبور کسان بارش کے درمیان اپنی مونگ پھلی کی فصل کو بہنے سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔”
ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کسان شدید بارش میں پوری طرح بھیگ چکا ہے اور اپنی فصل کو بچانے کی سرتوڑ کوشش کر رہا ہے۔ وہ کبھی فصل کو دائیں طرف کرتا ہے، کبھی بائیں، تاکہ کسی طرح پانی کا بہاؤ کم ہو اور فصل کا نقصان نہ ہو، لیکن بارش اتنی شدید ہے کہ وہ ہر کوشش میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔ پانی کے تیز بہاؤ میں اس کی فصل بہتی چلی جاتی ہے اور کسان صرف بے بسی سے یہ منظر دیکھتا رہ جاتا ہے۔
یہ منظر بظاہر کسی سبزی یا اناج کی منڈی کا لگتا ہے، جہاں کسان شاید اپنی فصل فروخت کے لیے لایا تھا۔ لیکن بدقسمتی سے بارش نے اس کی مہینوں کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ مونگ پھلی جیسی فصل کو تیار کرنے میں کسانوں کو کئی مہینے لگتے ہیں، لیکن چند لمحوں کی بارش نے اس کی ساری محنت کو ضائع کر دیا۔
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو دیکھ کر غمزدہ اور پریشان ہو گئے ہیں۔ کئی صارفین نے کسانوں کے تحفظ کے لیے بہتر انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کچھ نے لکھا کہ
"بارش اکثر لوگوں کے لیے خوشی کا پیغام ہوتی ہے، لیکن کسانوں کے لیے یہ تباہی بن جاتی ہے۔”
یہ ویڈیو ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ کسانوں کی زندگی کتنی نازک اور مشکلات سے بھرپور ہوتی ہے، جہاں قدرت کی ایک چھوٹی سی تبدیلی بھی ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔