جموں و کشمیر: سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی مدد کرنے کے الزام میں 23 افراد کو کیا گرفتار

سیکورٹی فورسز نے 17 مئی کو 23 دہشت گردوں کے مددگاروں کو گرفتار کر کے مختلف جیلوں میں بھیج دیا ہے۔ ان کی گرفتاری پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت کی گئی ہے۔


جموں و کشمیر میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے بعد سے ہی فوج نے دہشت گردوں کے خلاف زبرست مہم چلا رکھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے وادی میں کئی تلاشی مہم ایک ساتھ چلائی جا رہی ہیں۔ اب تک فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے اور 14 دیگر کی تلاش جاری ہے۔ دہشت گرد مخالف مہم کے تحت ہفتہ (17 مئی) کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت جموں و کشمیر سے 23 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے بھی کئی جگہ چھاپے مارے ہیں اور کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ایس آئی اے نے کہا کہ یہ گرفتاریاں ملک مخالف سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ہیں۔
سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کو 23 دہشت گردوں کے مددگاروں کو گرفتار کر کے مختلف جیلوں میں بھیج دیا ہے۔ سیکورٹی فورسز کی کوشش ہے کہ کسی بھی صورت میں وادی سے دہشت گردوں کا صفایا ہو جائے۔ یہی وجہ ہے کہ وادی میں مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں، سیکورٹی فورسز کی ایک ہفتہ میں یہ دوسری چھاپہ ماری ہے۔ ان کے پاس اِن پُٹ ہے کہ یہاں کئی دہشت گرد چھپے ہو سکتے ہیں۔
افسران کے مطابق ہفتہ کو 11 ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے تھے۔ فی الحال گرفتار کیے گئے افراد سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ ملزمان کو حراست میں لینے کے بعد پونچھ، اودھم پور اور کوٹ بلوال جموں کے جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ گرفتار کیے گئے لوگوں پر پہلے سے ہی کئی معاملے درج ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان لوگوں نے دہشت گردوں کی ہر طریقے سے مدد کی تھی۔ اس کے علاوہ ملک مخالف سازش میں بھی ان کا ہاتھ ہے۔ گرفتار کیے گئے افراد میں زیادہ تر کی عمر 18 سے 22 سال کے درمیان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔