حیدرآباد: آندھراپردیش کے وزیراعلی چندرابابو نائیڈو نے اعلان کیا ہے کہ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے لئے 15 اگست سے مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انھون نے دعوی کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہر سال صرف پنشنرس کے لئے 33 ہزار کروڑ روپے خرچ کرنے والی حکومت دنیا میں کہیں اور نہیں ہے دیپم 2 اسکیم کے تحت مفت سلنڈر کے لئے ہر چار ماہ میں استفادہ کنندگان کے بینک کھاتوں میں براہ راست رقم جمع کی جائے گی۔
کرنول میں منعقدہ”سورن آندھرا۔ سچ آندھرا“ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں ایسی فلاحی اسکیمیں نافذ کر رہے ہیں جس کی نظیر کہیں اور نہیں ملتی۔
جب اسکول دوبارہ کھلیں گے، جتنے بھی طلبہ ہوں گے ان سب کی ماؤں کو ”تلی کو وندنم“اسکیم کے تحت رقم منتقل کی جائے گی۔ رائلسیما کو قیمتی خطہ میں تبدیل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ فی الحال ریاست میں 18 لاکھ ہیکٹرس پر باغبانی کی فصلیں اگائی جا رہی ہیں، جنہیں 2029 تک 36 لاکھ ہیکٹرس تک کردیاجائے گا۔
اس وقت 16 لاکھ ایکڑ پر ڈرِپ ایریگیشن ہے اور 10 ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے کسانوں کو اس پر 90 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے۔
چندرابابو نائیڈو نے مزید کہا کہ غریبوں کو مفت بجلی کے ساتھ ساتھ درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور پسماندہ طبقات کو رعایت کے ساتھ گھروں پر سولر پاور پلانٹس لگانے کا موقع بھی دیا جائے گا۔