دہرادون (پی ٹی آئی) رورکی میں گورنمنٹ ڈگری کالج میں 12طلبہ کے ساتھ دست درازی پر اسسٹنٹ پروفیسر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایک متاثرہ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق ڈاکٹر عبدالعلیم انصاری نے مبینہ طور پر جمعرات کی دوپہر بی ایس سی پریکٹیکل امتحانات کے دوران طالبات کو نامناسب انداز میں چھوا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ایک بند کمرے میں پیش آیا تھا۔ انصاری نے ایک طالبہ کے ہاتھ پر اپنا موبائل نمبر لکھا اور اس سے کہا کہ وہ گھر واپس ہونے کے بعد رات میں اسے فون کرے۔ گنگ ناہر پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر انچارج آر کے سینی نے یہ بات بتائی۔
جب متاثرہ طالبہ نے کمرہ سے باہر نکلنے کے بعد اپنی بپتا سنائی تو دیگر طالبات نے بھی بتایا کہ پروفیسر نے انہیں نامناسب انداز میں چھوا ہے۔ طلبہ کی جانب سے گھیرے جانے پر انصاری نے ان کے نشانات کاٹ دینے کی دھمکی دی۔
اِس معاملہ کے منظر عام پر آنے کے بعد طلبہ نے پروفیسر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یہ پروفیسر رورکی کے قریب بھگوان پور میں ایک اور کالج میں بھی پڑھاتے ہیں۔ احتجاج کے بعد کالج انتظامیہ نے پولیس کو طلب کرلیا تاکہ برہم طلبہ کو تسلی دی جاسکے۔
ایک طالبہ نے شکایت درج کرائی جس کے بعد انصاری کو گرفتار کرلیا گیا۔ پوچھ تاچھ کے دوران انصاری نے اس بات کا اعتراف کرلیا کہ انہوں نے لڑکیوں کو نامناسب انداز میں چھوا تھا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی نیت بری نہیں تھی۔ اس سوال پر کہ آیا انہوں نے ایک طالبہ کی ہتھیلی پر اپنا موبائل نمبر لکھا، وہ کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دے سکے۔ اسی دوران کالج حکام نے بتایا کہ انصاری کی جانب سے چہارشنبہ اور جمعرات کو منعقدہ دو پریکٹیکل امتحانات کو منسوخ کردیا گیا ہے۔