’آپریشن سندور‘ کی کامیابی کا مزید ایک ثبوت آیا سامنے، پاکستان نے کئی ایئربیس کی مرمت کے لیے نکالا ٹنڈر
پاکستانی ایئرفورس نے 5 مئی کے بعد 12، 13 اور 14 مئی کو کئی ٹنڈرس جاری کیے، جن میں ایئر بیس کی مرمت اور رکھ رکھاؤ کا ذکر ہے۔ یہ ٹنڈرس ہندوستان کے ذریعہ پاکستان کو پہنچائے گئے نقصانات کی تصدیق کرتے ہیں۔
تصویر بشکریہ انڈیا ٹی وی
ہندوستان نے جب پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کا جواب ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ پاکستان میں موجود دہشت گردوں کو دیا، تو پاکستان بھی بری طرح بوکھلا گیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان نے ہندوستان میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جسے ہندوستانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے پوری طرح ناکام بنا دیا۔ ساتھ ہی ہندوستانی فوج نے جوابی کارروائی کی جس میں پاکستان کے کئی ایئر بیس تباہ ہو گئے۔ ہندوستانی حملے سے پہنچے نقصان کو پہلے تو پاکستان چھپاتا رہا، لیکن پہلے وزیر اعظم نواز شریف نے ایک تقریب کے دوران نقصان کا اعتراف کیا، اور اب ایک ایسا ثبوت سامنے آیا ہے جس نے ’آپریشن سندور‘ کی کامیابی پر مہر ثبت کرنے کا کام کیا ہے۔
دراصل پاکستان اپنے تباہ ہوئے ایئر بیس اور فوجی ٹھکانوں کی مرمت میں مصروف ہو گیا ہے۔ اس کے لیے پاکستانی فضائیہ نے آن لائن ٹنڈر جاری کیے ہیں۔ یعنی پاکستان نے خود ہی ہندوستانی حملے سے ہوئے نقصان کا ثبوت سامنے رکھ دیا ہے۔ پاکستانی ایئرفورس نے 5 مئی کے بعد 12، 13 اور 14 مئی کو کئی ٹنڈرس جاری کیے ہیں، جن میں ایئر بیس کی مرمت اور رکھ رکھاؤ کا ذکر کیا گیا ہے۔ عام طور پر ایسے ٹنڈرس مستقل کاموں کے لیے جاری کیے جاتے ہیں، لیکن ہندوستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے درمیان اتنے بڑے پیمانے پر نکالے گئے یہ ٹنڈرس اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ ہندوستان نے پاکستان کے اہم فوجی ٹھکانوں کو سنگین نقصان پہنچایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے اپنے طاقتور حملوں کے ذریعہ پاکستان کے کئی اہم ایئر بیس کو کامیابی کے ساتھ ہدف بنایا تھا۔ ہندوستانی افواج نے پاکستان کے جن ایئر بیس پر حملے کیے تھے، ان میں بھولیری ایئر بیس، نور خان ایئر بیس (راولپنڈی)، رحیم یار خان ایئر بیس، اسکردو ایئر بیس، مرید ایئر بیس، رفیقی ایئر بیس، چونین ایئر بیس، سیالکوٹ ایویشن بیس، شہباز ایئر بیس اور جیکب آباد ایئر بیس شامل ہیں۔ جہاں تک پاکستانی فضائیہ کے ذریعہ نکالے گئے ٹنڈرس کا سوال ہے، اس نے 12 مئی کو راولپنڈی ایئر بیس کے لیے ٹنڈر نکالا، پھر 13 مئی کو رسل پور ایئر بیس کے لیے ٹنڈر جاری کیا۔ 13 مئی کو ہی کلّر کہر ایئر بیس کی رپیئرنگ اور مینٹیننس کے لیے بھی ٹنڈر جاری کیا گیا، اور اسی دن مزید ایک بار رسل پور ایئربیس کی رپیئرنگ کے لیے ٹنڈر نکالا گیا۔ اس کے بعد 14 مئی کو پھر سے راولپنڈی ایئربیس کے لیے ٹنڈر جاری کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔