پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ہریانہ کی یوٹیوبر جیوتی ملہوترا گرفتار
یوٹیوبر جیوتی ملہوترا کے خلاف تعزیرات ہند (بی این ایس) کی دفعہ 152 اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923 کی دفعہ 3، 4 اور 5 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یوٹیوبر جیوتی ملہوترا
پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ہریانہ کے ہسار کی رہنے والی یوٹیوبر جیوتی ملہوترا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے خلاف تعزیرات ہند (بی این ایس) کی دفعہ 152 اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923 کی دفعہ 3، 4 اور 5 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملہ میں جیوتی سمیت اب تک پنجاب کے ملیر کوٹلہ اور ہریانہ سے کُل 6 پاکستانی جاسوسوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ جیوتی ملہوترا پاکستانی ہائی کمیشن میں کام کر رہے دانش نامی شخص کے ساتھ رابطہ میں تھی اور دانش نے اسے کئی بار پاکستان بھی بھیجا تھا۔ واضح ہو کہ جیوتی ملہوترا اپنا ’ٹریول چینل‘ چلاتی ہے، وہ کئی بار پاکستان گئی تھی اور کئی خفیہ معلومات پاکستان میں شیئر بھی کر رہی تھی۔
پوچھ تاچھ کے دوران جیوتی ملہوترا نے پولیس کو بتایا کہ اس کا ’ٹریلو وِد-جو‘ کے نام سے یوٹیوب چینل ہے۔ وہ پاسپورٹ ہولڈر ہے اور 2023 میں پاکستان جانے کی ویزا حاصل کرنے کے سلسلے میں پاکستانی ہائی کمیشن دہلی گئی تھی، جہاں اس کی ملاقات احسان الرحمن عرف دانش سے ہوئی تھی۔ اس نے دانش کا موبائل نمبر لے لیا تھا اور پھر اس سے بات کرنے لگی تھی۔ جیوتی نے پولیس کو مزید بتایا کہ اس نے 2 بار پاکستان کا سفر کیا، جہاں دانش کے کہنے پر اس نے ایک شخص علی اعوان سے ملاقات کی تھی۔ علی اعوان نے ہی اس کے رکنے اور گھومنے کا انتظام کیا تھا۔
پاکستان میں علی اعوان نے اس کی ملاقات پاکستانی سیکورٹی و انٹیلی جنس کے افسران سے کروائی تھی۔ وہیں پر شاکر اور رانا شہباز سے بھی جیوتی نے ملاقات کی تھی۔ اس نے شاکر کا موبائل نمبر لے لیا اور شاکر کا نمبر جٹ رندھاوا کے نام سے سیو کر لیا، تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔ ہندوستان واپس آنے کے بعد وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم واٹس ایپ، اسنیپ چیٹ اور ٹیلی گرام وغیرہ کے ذریعہ مسلسل ان سبھی سے رابطہ میں رہی اور ملک دشمن معلومات کا تبادلہ کرنے لگی۔ جیوتی سے پوچھ تاچھ میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ وہ پاکستانی خفیہ ایجنسی کے رابطے میں بھی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ 13 مئی کو، دانش کو ہندوستانی حکومت نے ’پرسن نان گراٹا‘ قرار دے کر ملک سے نکال دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔