ملک کے لیے جان قربان کرنے والے جھنتو علی شیخ کے اہل خانہ سے عمران پرتاپ گڑھی کی ملاقات

عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ بنگال کے نادیہ ضلع کے رہنے والے جھنتو علی شیخ نے ملک کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔ ان خاندانوں کی کہانیاں سن کر شاید آپ کی آنکھیں بھی نم ہو جائیں گی۔


نئی دہلی: ’’تنویر کی عمر ابھی 10 سال ہے۔ وہ جانتا ہے کہ اس کے والد جھنتو علی شیخ نے ہندوستان کے لیے اپنی جان کی قربانی دی۔ اس کی آنکھیں آنسوؤں سے بھری ہوئی ہیں۔ تنویر بولا کہ ان کے والد کا خواب تھا کہ میں آئی پی ایس افسر بنوں۔ ماں بوڑھی اور بیمار ہے۔ بیٹے کی موت کی خبر سے وہ غمگین ہو گئی ہے۔ ان کے دماغ نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔ وہ کہتی رہتی ہیں کہ اس کا بیٹا پولیس کے ساتھ گیا ہے اور جلد واپس آئے گا۔‘‘ ان خیالات کا اظہار کانگریس لیڈر اور رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے جھنتو کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد کیا۔
عمران پرتاپ گڑھی نے گزشتہ 15 مئی کو جھنتو علی شیخ کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی۔ اس سلسلے میں انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کے ذریعہ جانکاری بھی دی تھی۔ اس پوسٹ میں انھوں نے لکھا تھا کہ ’’بڑے بھائی رفیق شیخ خود بی ایس ایف میں ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ جب بھی ضرورت پڑی تو میں بھی خوشی خوشی ملک کے لیے اپنی جان کی قربانی دے دوں گا۔‘‘
عمران پرتاپ گڑھی نے بتایا کہ بنگال کے نادیہ ضلع کے رہنے والے جھنتو علی شیخ نے ملک کے لیے اپنی جان قربان کر دی ہے۔ میں ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد واپس آیا ہوں۔ ان خاندانوں کی کہانیاں سن کر شاید آپ کی آنکھیں بھی نم ہو جائیں گی۔ ہندوستان ایسے لاکھوں جھنتو علی شیخوں اور رفیق الشیخوں سے بنتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔