مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم کے امام جمعہ آیت اللہ سید محمد سعیدی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں صیہونی رژیم کے قیام اور یوم نکبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: بیت المقدس پر قابض رژیم اپنے قیام سے لے کر اب تک مسلسل وحشیانہ جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے اور مغربی ممالک نہایت بے شرمی سے حمایت کر رہے ہیں۔
انہوں نے امریکی صدر کے ایران مخالف مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں جب اسرائیل نے خطے کو غیر محفوظ بنا رکھا ہے، ٹرمپ نے ایران کو علاقائی عدم تحفظ کا سبب قرار دیا ہے، تاہم صدر پزشکیان نے ان بے بنیاد الزامات کے جواب میں ٹھوس موقف اختیار کیا ہے۔
امام جمعہ قم نے شہید خدمت آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی برسی کی مناسبت سے کہا کہ شہید انتھک شخصیت کے طور پر ملکی مسائل کو حل کرنے میں نہایت خلوص کے ساتھ سرگرم عمل رہے۔
انہوں نے ملک کی توانائی اور سلامتی میں جوہری ٹیکنالوجی کے اسٹریٹجک کردار پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یورینیم افزودگی کا حصول پابندیوں کے سخت ترین حالات میں پرعزم ایرانی سائنسدانوں کی برسوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے جس کے ثمرات اب طب، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں ظاہر ہو رہے ہیں۔
آیت اللہ سید محمد سعیدی نے مزید کہا کہ یورینیم افزودگی نہ صرف ایک سائنسی کامیابی ہے بلکہ ایران کی قومی طاقت اور عالمی مساوات میں اسٹریٹجک پوزیشن کی علامت بھی ہے اور ایران اس سلسلے میں اپنے ناقابل تردید حق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔