مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کے ذریعہ فوج کو ’مودی کے قدموں میں سجدہ ریز‘ بتانے پر کانگریس برہم، برخاستگی کا مطالبہ

نئی دہلی: کانگریس نے مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا کے اس بیان پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے، جس میں انھوں نے ہندوستانی فوج کو وزیر اعظم نریندر مودی کے قدموں میں سجدہ ریز بتایا تھا۔ کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے اس تعلق سے آج ایک پریس کانفرنس کی اور نائب وزیر اعلیٰ کو ان کے عہدہ سے فوراً برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی سپریا شرینیت نے مدھیہ پردیش حکومت میں وزیر وجئے شاہ کے ذریعہ کرنل صوفیہ قریشی پر کیے گئے شرمناک تبصرہ کی بھی مذمت کی اور انھیں بھی فوری برخاست کرنے کا مطالبہ سامنے رکھا۔
سپریا شرینیت نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لگاتار فوج کی توہین کر رہی ہے، کیونکہ اس کی رگوں میں قربانی کا نہیں، مخبری کا خون ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوج نے ہر بار دشمن کو دھول چٹائی ہے۔ جس فوج کی بہادری اور قوت کے آگے پورا ملک سجدہ ریز ہے، اس فوج کے لیے یہ کہنا کہ وہ کسی کے قدموں میں سجدہ ریز ہے، انتہائی نازیبا اور ناقابل برداشت ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ ملک ہندوستانی فوج کی توہین برداشت نہیں کرے گا۔ فوج کے لیے ایسی ذیلی سطح کی سوچ رکھنے والا شخص کسی بھی عوامی عہدہ پر بنے رہنے کے لائق نہیں ہے۔