جالندھر: گجرات پولیس نے جمعہ کو جالندھر پولیس کی مدد سے ایک مشترکہ آپریشن میں پاکستانی جاسوس محمد مرتضیٰ علی کو جالندھر کے بھارگو کیمپ علاقے سے گرفتار کیا ہے۔ اس آپریشن میں پولیس نے ملزم کے قبضے سے چار موبائل فون اور تین سم کارڈ برآمد کیے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، محمد مرتضیٰ علی گاندھی نگر میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا اور وہاں ایک عالیشان کوٹھی کی تعمیر بھی کروا رہا تھا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ علی نے حال ہی میں پلاٹ خریدا تھا، جس پر ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے کوٹھی بنائی جا رہی تھی۔
پولیس نے اس کے بینک اکاؤنٹ کی جانچ کی تو ایک ماہ میں 40 لاکھ روپے کے مشکوک لین دین کا پتہ چلا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ علی نے ہند-پاکستان کے درمیان کشیدگی کے دوران ہندوستانی نیوز چینلز کی ایک خصوصی ایپلیکیشن بنا کر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو ہندوستان کی خفیہ معلومات فراہم کیں۔
اس ایپلیکیشن کے ذریعے وہ ہندوستانی نیوز چینلز کے مواد اور ملک کے اندرونی حالات کی خبروں کو پاکستان بھیجتا تھا۔ اس کے بدلے میں اسے پاکستان سے خطیر رقم موصول ہوتی تھی۔