حائیڈرا کی کارروائیوں سے مثبت نتائج، 22500 کروڑ روپئے مالیتی 450 ایکڑ زمین بازیاب

حائیڈرا کی کارروائیوں سے مثبت نتائج، 22500 کروڑ روپئے مالیتی 450 ایکڑ زمین بازیاب

حیدرآباد (ڈاکٹر شجاعت علی صوفی) دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد کے تقریباً تمام نواحی علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح 20 میٹر سے بھی نیچے جاچکی ہے جو تجارتی استعمال شدگان کے لئے خطرہ کی گھنٹی ہے۔

اس وقت سیری لنگم پلی‘ حیات نگر‘ عبداللہ پورمٹ‘ سرور نگر‘ کوکٹ پلی‘ بیچوپلی‘ ملکاجگیری اور ڈنڈیگل منڈل میں سب سے تیز گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس وقت عنبرپیٹ‘ امیر پیٹ‘ آصف نگر‘ چارمینار‘ گولکنڈہ‘ حمایت نگر‘ خیریت آباد‘ مشیرآباد‘ سکندرآباد اور شیخ پیٹ منڈلوں میں دستیاب وسائل سے 170 فیصد زیادہ پانی کی نکاسی کی گئی ہے جس سے بہت سارے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ریاستی حکومت اور خاص طورپر چیف منسٹر ریونت ریڈی اس صورتحال کو بڑی تشویش کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ دونوں شہروں کے علاوہ اس کے اطراف واقع کئی تالاب اور کنٹے بلند و بالا عمارتوں میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ خاص طورپر ڈی ڈی کالونی کے قریب شیوم کے علاقہ میں ایک بہت بڑا تالاب مکانوں اور عمارتوں میں تبدیل ہوگیا ہے۔

کئی علاقوں میں ٹاورس نما عمارتیں عالم وجود میں آچکی ہیں جہاں فی کس 150 لیٹر پانی کا استعمال ہورہا ہے۔ پچھلے کئی دنوں سے Hydraکی جانب سے چلائی جارہی مہم کے تحت ناجائز قبضہ کی ہوئی 450 ایکر زمین قابضین سے خالی کرواکر سرکار کے حوالے کردی گئی ہے۔ Hydra کے چیف رنگناتھ نے نمائندہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ زمین تخمیناً 22ہزار 500 کروڑ روپئے کی مالیت کی ہے۔

اس کے ذریعہ ایسے کئی خطوں کو پھر سے پانی کے کنٹوں میں بدلا جاسکے گا جو بورویلس کو ریچارج کرنے کے معاملہ میں بہت بڑا رول انجام دیں گے۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ عوام اب Hydra کے مقاصد کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں اور اپنا دست تعاون بھی بڑھا رہے ہیں۔

Hydra کی کامیابیوں کو دیکھ کر پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو سے اپیل کی کہ وہ Hydra کی طرح آندھرا میں بھی اس طرح کی تنظیم قائم کریں تاکہ وہاں کے بھی تالابوں اور کنٹوں کو پھر سے ہرا بھرا بنایا جاسکے۔

حیدرآباد شہر کے ایک معمر شہری سید سلیم الدین نے کہا کہ صورتحال بہتر بنانے کے لئے عوام کو بھی عزم کرنا چاہئے اور انھیں یہ کہنا ہوگا کہ ”آؤہم قسم کھائیں زیر زمین پانی کی سطح کو اوپر اُٹھائیں“۔



[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے