’میں وجئے شاہ، نہ صرف شرمندہ ہوں بلکہ معافی چاہتا ہوں‘، کرنل صوفیہ قریشی پر متنازعہ بیان کے لیے وجئے شاہ نے مانگی معافی
مدھیہ پردیش حکومت میں وزیر وجئے شاہ نے معافی مانگتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں وہ کہتے ہیں کہ صوفیہ قریشی ہماری سگی بہن سے بھی اوپر قابل احترام ہیں۔
مدھیہ پردیش حکومت میں وزیر وجئے شاہ، ویڈیو گریب
مدھیہ پردیش حکومت میں وزیر وجئے شاہ نے کرنل صوفیہ قریشی پر دیے گئے اپنے انتہائی متنازعہ بیان کے لیے آج معافی مانگ لی۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر 14 مئی کو ایک ویڈیو جاری کر کہا کہ وہ اپنے بیان کے لیے پورے سماج اور طبقہ سے معافی کے طلب گار ہیں۔ ویڈیو پیغام کے ساتھ ’ایکس‘ پر جو مواد انھوں نے لکھا ہے، وہ اس طرح ہے: میں وجئے شاہ، حال ہی میں میرے دیے گئے بیان سے ہر سماج کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ اس کے لیے میں نہ صرف دل سے شرمندہ ہوں، غمزدہ ہوں بلکہ معافی چاہتا ہوں۔ ہمارے ملک کی وہ بہن صوفیہ قریشی ملک کا فریضہ نبھاتے ہوئے ذات اور سماج سے اوپر اٹھ کر انھوں نے جو کام کیا ہے، وہ ہماری سگی بہن سے بھی اوپر قابل احترام ہے۔
ویڈیو پیغام میں وجئے شاہ کہتے ہیں کہ ’’ہماری فوج اور ہماری صوفیہ بہن کے ساتھ ہی جتنے بھی، جنھوں نے ہماری ان بہنوں کا بدلہ لینے کے لیے، ہندوستان کا وقار قائم رکھنے کے لیے اور ہمارے مخالفین کو دھول چٹائی ہے، میں ان کی عزت کرتا ہوں۔ حال کی تقریر میں جب میری خواہش اور منشا یہی تھی کہ میں ان کی بات کو اچھے سے سماج کے درمیان میں رکھوں، لیکن افسوس ہے کہ بے قرار دل سے کچھ الفاظ غلط نکل گئے۔ جس کی وجہ سے میں آج خود شرمندہ ہوں اور پورے سماج سے اور طبقہ سے معافی مانگتا ہوں۔‘‘ اس ویڈیو کے آخر میں وجئے شاہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’بہن صوفیہ کی اور سارے ملٹری والوں کا میں ہمیشہ احترام کرتا ہوں۔ آج ہاتھ جوڑ کر میں معافی چاہتا ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ بدھ کے روز مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے وجئے شاہ کے متنازعہ بیان پر از خود نوٹس لیا۔ عدالت نے وجئے شاہ کے بیان کو ’گٹر کی زبان‘ قرار دیا اور ان کے خلاف بی این ایس کی الگ الگ دفعات میں کیس درج کرنے کی ہدایت ڈی جی پی کو دی۔ علاوہ ازیں عدالتی بنچ نے کہا کہ کل، یعنی 15 مئی کو سب سے پہلی سماعت اسی معاملے پر ہوگی۔ دوسری طرف اپوزیشن پارٹیوں، خصوصاً لیڈران بھی وجئے شاہ کے خلاف اپنی آواز بلند کیے ہوئے ہیں۔ لگاتار بی جے پی پر وجئے شاہ سے استعفیٰ لینے اور ان کے خلاف کارروائی کیے جانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔