مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران اور تین یورپی ممالک کے درمیان عالمی جوہری معاہدے سے متعلق اہم مذاکرات جمعہ کے روز ترکی کے شہر استنبول میں ہوں گے۔
رائیٹرز نے دو یورپی ذرائع اور ایک ایرانی سفارتی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ تہران کے اعلی حکام جولائی 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے کے حوالے سے یورپی فریقین کے ساتھ استنبول میں بات چیت کریں گے۔
یہ مشاورتیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا پانچواں مرحلہ بھی جلد متوقع ہے۔
یاد رہے کہ ایران اور یورپ کے درمیان مذاکرات اس سے قبل یورپی فریق کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنے، ایرانی شہریوں کی گرفتاریوں، ایران کے میزائل پروگرام پر پابندیوں اور سنیپ بیک میکانزم کے استعمال کی دھمکیوں کے باعث تعطل کا شکار ہوچکے تھے۔
تاہم ایران کے اصولی مؤقف پر قائم رہنے اور امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات کے تناظر میں یورپی ممالک نے فیصلہ کیا ہے کہ تہران کے ساتھ براہ راست رابطے کے چینلز کو برقرار رکھا جائے جسے وہ اپنے مفاد میں سمجھتے ہیں۔