آئی پی ایل 2025: کھلاڑیوں کی واپسی پر بی سی سی آئی کا غیر ملکی بورڈز پر دباؤ

آئی پی ایل 2025: کھلاڑیوں کی واپسی پر بی سی سی آئی کا غیر ملکی بورڈز پر دباؤ

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے دوبارہ آغاز سے قبل غیر ملکی کرکٹ بورڈز پر دباؤ بڑھا دیا ہے تاکہ ان کے کھلاڑی 17 مئی سے شروع ہونے والے بقیہ میچز کے لیے ہندستان واپس آئیں، حالانکہ حالیہ ہند-پاک سرحدی کشیدگی کے بعد کچھ کھلاڑی اب بھی سیکیورٹی خدشات میں مبتلا ہیں۔

بی سی سی آئی کی اعلیٰ قیادت نے آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیماگ امین کو ہدایت دی ہے کہ وہ کرکٹ آسٹریلیا (CA) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) سمیت تمام بڑے بورڈز سے انفرادی طور پر رابطہ کریں تاکہ کھلاڑیوں کے خدشات کو دور کیا جا سکے۔

آئی پی ایل کا شیڈول 9 مئی کو اس وقت معطل کر دیا گیا تھا جب 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی تناؤ شدت اختیار کر گیا۔ تاہم، معطلی کے اگلے ہی دن دونوں ممالک کے درمیان سیزفائر کا اعلان کیا گیا جس کے بعد حکومت سے سیکیورٹی منظوری حاصل کر کے لیگ کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

ایک بی سی سی آئی عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا: "ہم تمام غیر ملکی بورڈز سے رابطے میں ہیں جبکہ فرنچائزز اپنے کھلاڑیوں سے براہ راست بات کر رہی ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ زیادہ تر کھلاڑی واپس آ جائیں گے۔”

کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے کھلاڑیوں پر فیصلہ چھوڑ دیا ہے، اور ان کی پلیئرز ایسوسی ایشن بھی اس عمل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ فرنچائز ذرائع کے مطابق اگرچہ چند غیر ملکی کھلاڑی اب بھی واپسی کے بارے میں فکرمند ہیں، تاہم اکثریت کے لوٹنے کی امید ہے۔

"نیا شیڈول کل رات جاری ہوا ہے۔ ہم نے ابھی غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطہ کرنا شروع کیا ہے۔ ہمیں کل صبح تک واضح صورتحال کا اندازہ ہو جائے گا۔ ہمارا میچ 20 مئی کو ہے، اس لیے ہمارے پاس وقت موجود ہے۔”

CSK کے غیر ملکی کھلاڑیوں میں ڈیون کونوے، راچن رویندرا، سیم کرن، جیمی اوورٹن، نور احمد اور متھیشا پتھیرانا شامل ہیں۔

پنجاب کنگز کے آسٹریلوی آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس اور جوش انگلس کی واپسی کے امکانات کم نظر آ رہے ہیں، اگرچہ کوچ رکی پونٹنگ انہیں قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے زاویئر بارٹلیٹ، ایرن ہارڈی، افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی اور جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن کی واپسی متوقع ہے۔ پنجاب کنگز 2014 کے بعد پہلی بار پلے آف میں رسائی کی راہ پر گامزن ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ رکی پونٹنگ نے خود سیزفائر کے بعد وطن واپسی کا سفر روک دیا، جبکہ کوچنگ اسٹاف کے اراکین بریڈ ہیڈن اور جیمز ہوپس ہندوستان میں ہی مقیم رہے۔

پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے کھلاڑی 8 مئی کو دھرم شالہ میں میچ منسوخی کے بعد دہلی بذریعہ ٹرین اور سڑک واپس پہنچے، کیونکہ سرحدی علاقوں میں فضائی حملے کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔

"اس وقت غیر ملکی کھلاڑی خوفزدہ تھے، جو کہ فطری بات ہے۔ بی سی سی آئی نے ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنا کر یہ واضح کر دیا کہ کھلاڑیوں کی سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے۔ اب حالات بہتر ہو چکے ہیں، اس لیے کھلاڑیوں کو واپس آنا چاہیے، تاہم کچھ اب بھی تذبذب کا شکار ہیں۔”

سن رائزرز حیدرآباد، جو مقابلے سے باہر ہو چکی ہے، توقع کر رہی ہے کہ کپتان پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ باقی میچوں کے لیے واپس آئیں گے۔

دہلی کیپیٹلز، جو پلے آف کی دوڑ میں شامل ہے، نے بھی اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطہ کیا ہے، جن میں آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

"ہمیں امید ہے کہ تمام کھلاڑی واپس آئیں گے۔ صورتحال کل تک مزید واضح ہو جائے گی،” ایک ٹیم آفیشل نے کہا۔

آئی پی ایل کا فائنل، جو پہلے 25 مئی کو طے تھا، اب 3 جون کو منعقد ہوگا۔ اس کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 11 جون سے لارڈز میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کی وجہ سے ان کھلاڑیوں کو بہت کم آرام کا وقت ملے گا جو پلے آف میں شامل ہوں گے۔





ہمیں فالو کریں


Google News

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے