مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سربراہ جنرل حاجی زادہ نے کہا ہے کہ دشمن اسلامی جمہوریہ کے حملہ آور نظام کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی سے ملاقات کے دوران جنرل علی حاجی زاده نے سپاہ کی فضائیہ کی کارروائیوں، منصوبوں اور حکمت عملیوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں بالخصوص میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی کے میدان میں پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ “وعدۂ صادق 2” دنیا کی سب سے بڑی میزائل کارروائی تھی جس میں 75 فیصد سے زیادہ میزائل اپنے اہداف پر لگے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کے اندر اس حملے کو روکنے یا اس کا سامنا کرنے کی صلاحیت نہیں تھی۔
انہوں نے دشمنوں کی حالیہ دھمکیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے بنیاد ہیں، اور آج دشمن ماضی کے مقابلے میں زیادہ کمزور اور غیر محفوظ ہوچکا ہے۔ دشمن اسلامی جمہوریہ ایران کے حملہ آور نظام کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
جنرل حاجیزاده نے کہا کہ ایران کے کمزور ہونے کی خبریں اور دعوے عبری اور مغربی میڈیا کی گھڑی ہوئی باتیں ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کم نہیں ہوئی بلکہ ہم پہلے سے زیادہ طاقتور ہوچکے ہیں۔
اس موقع پر پارلیمانی کمیٹی کے ترجمان رضائی نے سپاہ پاسداران کی فضائیہ کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔