لیجنڈ کرکٹر وراٹ کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان

نئی دہلی : روہت شرما کے بعد اب لیجنڈ کرکٹر وراٹ کوہلی نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ 36 سالہ وراٹ کوہلی کو ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کے دورے کے دوران بارڈر گواسکر ٹرافی میں کھیلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ جہاں ہندوستان کو 5 میچوں کی سیریز میں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وراٹ کوہلی نے سیریز کے پہلے میچ یعنی پرتھ ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی لیکن اس کے بعد وہ جدوجہد کرتے نظر آئے تھے۔
وراٹ کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی معلومات سوشل میڈیا پر اپنے تمام مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔ انہوں نے لکھا کہ ’’ پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں بیگی بلیو پہنا 14 سال ہو گئے ہیں۔ سچ پوچھیں تو میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ سفر مجھے کہاں کہاں لے جائے گا۔ اس فارمیٹ نے مجھے آزمایا، مجھے شکل دی اور مجھے زندگی بھر کے سبق سکھائے۔ سفید کپڑوں میں کھیلنا کچھ خاص ہی احساس ہوتا ہے۔ یہ ایک پرسکون جدوجہد ہے، لمبے دن ہوتے ہیں اور چھوٹے چھوٹے لمحات ہوتے ہیں جنہیں کوئی نہیں دیکھتا، لیکن وہ ہمیشہ کیلئے آپ کے ساتھ رہتے ہیں۔ ‘‘
وراٹ کوہلی نے سبھی شائقین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے لکھا : ’’جب میں اس فارمیٹ کو الوداع کہہ رہا ہوں تو یہ آسان نہیں ہے – لیکن یہ صحیح لگتا ہے۔ میں نے اس میں اپنا سب کچھ دیا ہے، اور اس نے مجھے میری توقع سے زیادہ واپس دیا ہے۔ میں تہہ دل سے شکر گزار ہوں – اس کھیل کا، ان لوگوں کا جن کے ساتھ میں نے میدان شیئر کیا، اور ہر اس شخص کا جنہوں نے اس سفر میں مجھے دیکھا اور سراہا۔ میں ہمیشہ اپنے ٹیسٹ کریئر کو مسکان کے ساتھ یاد کروں گا‘‘۔
خیال رہے کہ وراٹ کوہلی کا ٹیسٹ ڈیبیو جون 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن میں ہوا تھا۔ اس وقت کوہلی نے پہلی اننگز میں 4 اور دوسری اننگز میں 15 رنز بنائے۔ ان کا آخری ٹیسٹ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں تھا جو جنوری 2025 میں کھیلا گیا تھا۔اس آخری ٹیسٹ میں کوہلی نے پہلی اننگز میں 17 اور دوسری اننگز میں 6 رنز بنائے تھے۔
نیوز18اردو ہندوستان میں اردو کی سب سے بڑی نیوز ویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ برائے مہربانی ہمارے واٹس چینل کو لائیو، تازہ ترین خبروں اور ویڈیوز کے لئے فالو کریں۔آپ ہماری ویب سائٹ پر خبروں، تصاویر اور خیالات کے ساتھ ساتھ انٹرٹینمنٹ، کرکٹ جیسے کھیلوں اور لائف اسٹائل سے منسلک مواد دیکھ سکتے ہیں۔ آپ ہمیں، ایکس، فیس بک، انسٹاگرام، تھریڈز،شیئرچیٹ، ڈیلی ہنٹ جیسے ایپس پر بھی فالوکرسکتے ہیں۔