تہران: ایران کے وزیر خارجہ سعید عباس عراقچی نے مصر کے وزیر خارجہ بدرعبدالعاطی کے ساتھ فون پر بات چیت کی اور ایران امریکہ جوہری مذاکرات، دو طرفہ تعلقات کی تازہ ترین صورتحال اور کئی علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ بات چیت کے دوران، مسٹر عراقچی نے مسٹرعبدالعاطی کو ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ بات چیت کے چوتھے دور کے بارے میں آگاہ کیا، جو اتوار کو عمانی دارالحکومت مسقط میں منعقد ہوا اور اس میں تہران کے جوہری پروگرام اور امریکی پابندیوں کے خاتمے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
یہ ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا تازہ ترین دور ہے۔ یہ مذاکرات عمان کی ثالثی میں تین سابقہ اجلاسوں کے بعد ہوئے۔ اس سے قبل دو بات چیت مسقط میں 12 اور 26 اپریل کو اور ایک اٹلی کے شہر روم میں 19 اپریل کو ہوئی تھی۔
پیر کو مصر کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، مسٹر عبدالعاطی نے اپنی طرف سے جاری جوہری مذاکرات کے لیے مصر کی حمایت کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ بات چیت دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور علاقائی سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
ایران کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت کے دوران مصری وزیر خارجہ نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے مصر اور دیگر ثالثوں کی طرف سے کی جانے والی تازہ ترین کوششوں کی تفصیلات بھی بتائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ باہمی تشویش کے امور پر بات کرتے ہوئے دونوں اعلیٰ سفارت کاروں نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے غزہ، لبنان اور شام کے خلاف اسرائیلی حملوں کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔