ہندوستان-پاکستان کشیدگی: ایئر انڈیا اور انڈیگو نے کئی شہروں کی پروازیں منسوخ کر دیں

نئی دہلی: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر ایئر انڈیا اور انڈیگو نے کئی شہروں کے لیے 13 مئی کی پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ دونوں ایئرلائنز نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اس فیصلے سے مسافروں کو آگاہ کیا ہے۔ انڈیگو نے بتایا کہ مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے جموں، امرتسر، چنڈی گڑھ، لیہ، سری نگر اور راجکوٹ جیسی اہم منزلوں کے لیے پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
انڈیگو نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا، ’’آپ کی سلامتی ہماری ترجیح ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس فیصلے سے آپ کے سفر کے منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں لیکن موجودہ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر یہ قدم ضروری تھا۔ ہماری ٹیم مسلسل حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جلد ہی مزید اپ ڈیٹس فراہم کیے جائیں گے۔‘‘