پٹنہ (منصف نیوز ڈیسک) بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے سب انسپکٹر محمد امتیاز کے جسد خاکی کو آج سپرد لحد کردیا گیا۔ وہ جموں کے سرحدی آرایس پورہ سکٹر میں آپریشن سندور کے دوران شہید ہوئے تھے۔ ان کا جسد خاکی آج پٹنہ پہنچا۔ ایرپورٹ پر سیکیورٹی عملہ نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
امتیاز کے لڑکے عمران رضا بھی ان کی لاش حاصل کرنے ایرپورٹ پہنچے تھے۔ شہید سب انسپکٹر کو خراج عقیدت پیش کرنے کئی سیاسی قائدین بشمول بہار اسمبلی میں قائد اپوزیشن تیجسوی یادو اور چیف منسٹر نتیش کمار کے کابینی وزیر شرون کمار بھی وہاں پہنچے تھے، عمران رضا نے ایرپورٹ پر پرنم آنکھوں کے ساتھ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے والد پر حقیقت میں فخر ہے جنہوں نے آخری سانس تک ہار نہیں مانی اور ملک کے لئے اپنی جان قربان کردی۔
انہوں نے بتایا کہ ”پاپا نے مجھے آخری مرتبہ (10 مئی کو) صبح 7:30 بجے فون کیا تھا اور بتایا تھاکہ دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے اور ان کا دائیں پیر ناکارہ ہوچکا ہے، میں نے اپنے والد سے کہا تھا کہ وہ ہمت نہ ہاریں میں ان سے ملنے کے لئے آرہا ہوں“۔
انہوں نے کہا کہ میں دہلی جانے والی پرواز میں سوار ہوا لیکن جب میں وہاں پہنچا تو یہ اطلاع دی گئی کہ جموں کے لئے کوئی پرواز دستیاب نہیں ہے۔ پھر میں نے ٹرین سے سفر کیا 3 بجے تک صورتحال قابو میں آچکی تھی اور وہ خطرہ سے باہر ہوچکے تھے، شام 6 بجے ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ نے مجھے فون کیا اور بتایا کہ میرے والد گزر گئے ہیں ان کے آخری لمحات میں مجھے ان سے بات کرنے کا بھی موقع نہیں ملا۔