مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے پاک ایران پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ فداء حسین مالکی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں مالکی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی حکومت اور عوام کے درمیان تعلقات بہت گہرے، دوستانہ اور تاریخی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پیدا ہونے والے حالیہ تنازعات پر گہری تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا نظریہ ہے کہ دونوں طرف سے تحمل کے ساتھ یہ تنازع جلد از جلد ختم ہونا چاہیے تاکہ ہم خطے میں پائیدار استحکام اور سلامتی کا مشاہدہ کر سکیں۔
اس موقع پر تہران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے بھی پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے تعمیری مؤقف اور وزیر خارجہ عراقچی کے بطور ثالثی کردار کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم خطے میں استحکام اور سلامتی کے قیام کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی تشویش کے شکر گزار ہیں اور ہم ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیتے ہیں۔