دفاعی اہلکاروں کو پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ، ڈپٹی چیف منسٹر کا اعلان

دفاعی اہلکاروں کو پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ، ڈپٹی چیف منسٹر کا اعلان

امراوتی (آئی اے این ایس) حکومت آندھراپردیش نے ریاست کے گرام پنچایت حدود میں ہندوستانی دفاعی اہلکاروں کے ذاتی مکانات کو پراپرٹی ٹیکس سے چھوٹ دینے کی منظوری دی ہے۔

ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے اتوار کی شب ایکس پر پوسٹ کے ذریعہ اس اہم فیصلہ کا اعلان کیا ہے۔ جناسینا قائد نے دعویٰ کیا کہ ریاست کی این ڈی اے حکومت جس کی قیادت چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کررہے ہیں، نے بہادر فوجیوں کے احترام اور ان سے اظہار تشکر کے تئیں یہ فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ پنچایت راج نے ریاست کے گرام پنچایت حدود میں ہندوستانی دفاعی افواج کے اہلکاروں کے ذاتی مکانات کو پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ دینے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ہماری افواج، بری، بحری اور فضائیہ، نیم فوجی دستوں، سی آر پی ایف کے جوانوں کی غیر متزلزل ہمت، شجاعت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

ہمارے یہ جوان، ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ اداکار، سیاست داں نے مزید کہا کہ اب تک صرف موظف فوجیوں یا سرحد پر تعینات آرمی کے جوانوں کو استثنیٰ کی یہ سہولت حاصل تھی مگر حکومت اے پی نے آج ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ہندوستانی دفاعی افواج کے تمام فعال اہلکاروں جو کہیں بھی تعینات ہوں، اس فائدہ سے استفادہ کے لئے اہل رہیں گے۔

پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کے استثنیٰ (چھوٹ) ایک مکان پر جس میں فوجی یا ان کی اہلیہ رہتے ہوں یا مشترکہ ملکیت رکھتے ہوں، لاگو ہوگی۔ ڈائرکٹر سینک ویلفیر کی سفارش پر حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ریاست کے سپاہی مرلی نائک جو سرحد پر پاکستانی گولہ باری کے دوران ہلاک ہوگئے تھے، کی ماں اور خاندان کے دیگر افراد کو کہہ دیا اور مرلی نائک کو پرسہ دیا۔

ریاستی حکومت نے مرلی نائک کے والدین کو 50 لاکھ روپے بطور ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ شہید فوجی کے والدین کو 5 ایکڑ زرعی اراضی اور 300 مربع گز امکنہ اراضی دینے کا اعلان کیا گیا۔ پون کلیان نے اپنی طرف سے 25لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔





[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے