حیدرآباد: تلنگانہ کے سدّی پیٹ ضلع میں پیش آئے سڑک حادثہ میں دو خاتون مزدور اس وقت ہلاک ہو گئیں جب وہ روزگار گارنٹی اسکیم کے تحت کام کے لئے جا رہی تھیں۔
یہ حادثہ پیر کی صبح اس وقت پیش آیا جب پوتاریڈی پیٹ گاؤں کی رہنے والی 50سالہ چندراوّا اور 51سالہ گوپا دیوامّا کو ایک کار نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجہ میں دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔
حادثے کے بعد مقامی افرادنے قومی شاہراہ پر احتجاج کیا، جس کی وجہ سے میدک۔سدّی پیٹ نیشنل ہائی وے پر تقریباً دو کلومیٹرتک ٹریفک جام ہو گئی۔
پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کیا۔
ادھر، دلت بہوجن فرنٹ کے قومی جنرل سکریٹری پی شنکر نے مطالبہ کیا کہ حکومت حادثہ میں ہلاک والی مزدور خواتین کے خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرے۔
انہوں نے مزدوروں کے لئے انشورنس اسکیم کے نفاذ پر زور دیا اور کہا کہ ہر ہلاک مزدور کے آخری رسومات کے لئے ضلع کلکٹر متاثرہ خاندان کو 50ہزار روپے معاوضہ ادا کرے۔