اُنناؤ میں دردناک واقعہ، دو بچیوں اور اہلیہ کا قتل کرنے کے بعد شوہر نے کی خودکشی، علاقے میں ماتم کا ماحول

واقعہ کے پیچھے کی اصل وجہ ابھی سامنے نہیں آ سکی ہے۔ فارینسک ٹیم کے ذریعہ ثبوت جمع کیے جا رہے ہیں اور کنبہ اور آس پاس کے لوگوں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔


لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
اتر پردیش کے انناؤ ضلع میں پیر کی صبح ایک بے حد دردناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ یہاں اچل گنج تھانہ حلقہ کے صاحب کھیڑا گاؤں میں ایک شوہر نے اپنی اہلیہ اور دو بیٹیوں کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ کی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لیتے ہوئے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
ایس پی دیپک بھوکر نے بتایا کہ صاحب کھیڑا گاؤں کے باشندہ سندیپ یادو نے تھانہ اچل گنج میں اطلاع دی کہ اس کے بھائی امت یادو (35) نے اپنے گھر میں خودکشی کرلی ہے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ پولیس اور فیلڈ یونٹ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور جائے وقوع کا جائزہ لیا۔ پولیس کو امت کی لاش کمرے میں لٹکی ہوئی ملی۔ جبکہ اس کی اہلیہ گیتا (30) اور 10 و 6 سال کی بیٹی بھی مردہ پائی گئی۔ ایک ہی کمرے میں چاروں لاشوں کی موجودگی نے پورے گاؤں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ آس پاس کے لوگوں اور رشتے داروں میں کہرام مچ گیا ہے۔
ایس پی نے بتایا کہ جانچ کے دوران پایا گیا کہ مردہ کے جسم میں کوئی باہری چوٹ کے نشان نہیں ہیں۔ پہلی نظر میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ امت نے پہلے اپنی اہلیہ اور دونوں بچیوں کا قتل کیا، اس کے بعد خودکشی کرلی۔ حالانکہ واقعہ کے پیچھے کی اصل وجہ کیا رہی، اس سلسلے میں ابھی واضح جانکاری نہیں مل سکی ہے۔ پولیس نے سبھی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
ایس پی نے کہا کہ معاملے کی گہری جانچ کی جا رہی ہے۔ فارینسک ٹیم کے ذریعہ ثبوت جمع کیے جا رہے ہیں اور کنبہ اور آس پاس کے لوگوں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ واقعہ کی وجوہات کی تہہ تک پہنچنے کے لیے پولیس سبھی پہلوؤں کو دھیان میں رکھ کر جانچ کر رہی ہے جس میں ذہنی تناؤ، گھریلو جھگڑے اور اقتصادی حالت وغیرہ شامل ہیں۔
اس دل دہلا دینے والے واقعہ سے پورے گاؤں میں ماتم کا ماحول ہے۔ گاؤں والوں کے مطابق امت ایک پُرسکون انسان تھا، جس سے اس طرح کے واقعہ کی کسی کو بھی امید نہیں تھی۔ اب یہ جانچ سے ہی پتہ چل سکے گا کہ آخر ایسا کیا ہوا جس سے ایک پورا کنبہ ختم ہو گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔