کُل جماعتی اجلاس میں وزیر اعظم کی شرکت ضروری : کپل سبل

کُل جماعتی اجلاس میں وزیر اعظم کی شرکت ضروری : کپل سبل

نئی دہلی (پی ٹی آئی) جنگ بندی پر ہندوستان اور پاکستان کی آمادگی کے بعد رکن راجیہ سبھا کپل سبل نے اتوارکے دن مطالبہ کیا کہ کل جماعتی اجلاس طلب کیاجائے۔

اُنہوں نے سیاسی جماعتوں سے کہاکہ وہ اِس اجلاس میں حکومت کے اس تیقن تک شرکت نہ کریں کہ وزیر اعظم میٹنگ میں موجود ہوں گے۔

کپل سبل نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کی طلبی کا بھی مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے زوردیکر کہاکہ اگر منموہن سنگھ آج وزیر اعظم ہوتے تو وہ کل جماعتی اجلاس میں ضرورموجود ہوتے۔ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیاجاتا۔

نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کپل سبل نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تازہ سوشل میڈیا پوسٹ کا حوالہ دیا جس میں امریکی صدر نے ہند۔ پاک جنگ بندی کے تعلق سے کہا ہے کہ امریکہ کو فخر ہے کہ وہ اِس تاریخی اور جرأت مندانہ فیصلہ میں مدد کرسکا۔ رکن راجیہ سبھا نے کہاکہ اِس ٹویٹ پر کئی سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو نے کہا تھا کہ گزشتہ 48گھنٹوں سے بات چیت جاری تھی۔ کیا ہوا، کیوں اور کیسے ہوا اِس تعلق سے ہمیں کوئی جانکاری نہیں دی گئی۔ یہ بھی کہا گیا کہ ایک غیر جانبدار مقام پر میٹنگ ہوئی۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے بھی مشیر قومی سلامتی اجیت دوول سے بات چیت کی۔ کپل سبل نے کہاکہ ہم آج کوئی تنقید نہیں کریں گے کیونکہ یہ وقت تنقید کرنے کا نہیں ہے۔

ہم صرف اتنا چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس اور کل جماعتی میٹنگ طلب کی جائے۔ تمام سیاسی جماعتوں سے میری اپیل ہے کہ وہ آل پارٹی میٹنگ میں اُس وقت تک شرکت نہ کریں جب تک کہ حکومت یہ تیقن نہ دے دے کہ وزیر اعظم میٹنگ میں ضرور موجود رہیں گے۔ آزاد رکن راجیہ سبھا نے کہاکہ اگر آج ڈاکٹر منموہن سنگھ وزیر اعظم ہوتے تو وہ کل جماعتی اجلاس میں ضرورت آتے اور پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بھی ضرور طلب کرتے۔

اُنہوں نے کہاکہ ارکان پارلیمنٹ گزشتہ چند دن میں کیا ہوا اِس کی تفصیلات جاننے کیلئے مانسون اجلاس تک انتظار نہیں کرسکتے۔ کپل سبل نے کہاکہ پچھلی دو کل جماعتی میٹنگس میں وزیر اعظم مودی کا شرکت نہ کرنا اُنہیں اچھا نہیں لگا۔ ممکن ہے مودی نے سوچا ہوگا کہ بہار الیکشن زیادہ اہم ہے۔ وہ بالی ووڈ اور کیرالا کی ایک تقریب میں بھی گئے۔ اُنہوں نے منی پور جانا بھی ضروری نہیں سمجھا۔





[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے