سری لنکا میں بس کھائی میں گرنے کا اندوہناک حادثہ، 21 جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس ڈرائیور نے پہاڑی راستے پر بائیں مڑنے کی کوشش کی۔ یہ بس جنوبی زیارت گاہ کٹارگاما سے شمال-مغربی شہر کورونیگالا جا رہی تھی


سری لنکا کے وسطی صوبہ کے علاقہ کوٹمالے میں اتوار (11 مئی) کو ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار بس اچانک پھسل کر کھائی میں جا گری۔ اس حادثہ میں کم از کم 21 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 30 سے زائد لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثے کے بعد جائے وقوع پر پہنچی پولیس کی ٹیم اور علاقائی لوگوں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن کیا۔ زخمی مسافرین کو بہتر علاج کے لیے فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس ڈرائیور نے پہاڑی راستے پر بائیں مڑنے کی کوشش کی، اسی دوران بس پھسل کر کھائی میں گر گئی۔ یہ بس جنوبی زیارت گاہ کٹارگاما سے شمال-مغربی شہر کورونیگالا جا رہی تھی۔ حادثے کی اصل وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ تیز رفتاری اور سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ ساتھ ہی مکینیکل خرابی یا ڈرائیور کی غفلت کے امکان کے زاویے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سیکورٹی بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کرے گی۔ ریاستی ٹرانسپورٹ کے ادارے کی ملکیت والی بس میں 75 مسافر سوار تھے۔
سری لنکا کے ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے نائب وزیر پرسنا گناسینا نے بتایا کہ اس حادثہ میں 21 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واضح ہو کہ یہ المناک حادثہ حالیہ مہینوں میں سری لنکا میں پیش آنے والے سب سے بڑے سڑک حادثات میں سے ایک ہے۔ اس حادثہ کے بعد ٹرانسپورٹیشن کی سخت حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ پھر سے اٹھنے لگا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔