"کراچی بیکری” کے خلاف بی جے پی کا احتجاج، بورڈ سے نام ہٹانے کی کوشش

"کراچی بیکری” کے خلاف بی جے پی کا احتجاج، بورڈ سے نام ہٹانے کی کوشش

شمس آباد: شمس آباد میونسپلٹی کی حدود میں واقع معروف تجارتی ادارہ ’’کراچی بیکری‘‘ بی جے پی قائدین کے احتجاج کا نشانہ بن گیا۔ پارٹی کے مقامی قائدین و کارکنوں نے ادارے کے نام پر شدید اعتراض کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بیکری کے سائن بورڈ پر چڑھ کر "کراچی” کا لفظ مٹانے کی کوشش کی۔

بی جے پی قائدین کا کہنا تھا کہ ’’کراچی‘‘ پاکستان کا شہر ہے اور چونکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کئی جنگیں ہو چکی ہیں، نیز پاکستانی سرزمین سے ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں میں بے شمار معصوم ہندوستانی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، اس لیے ملک میں ایسے ناموں کا استعمال قابلِ قبول نہیں جو پاکستان یا اس کے شہروں سے وابستہ ہوں۔

احتجاج کرنے والے کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مقامات، دکانوں اور کاروباری اداروں سے پاکستان سے متعلقہ تمام نام اور علامتیں فی الفور ہٹائی جائیں۔ انہوں نے اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے ناموں اور مصنوعات سے اجتناب کریں جو پاکستان سے جڑی شناخت رکھتے ہوں۔

اس احتجاجی مظاہرے میں بی جے پی کے کئی مقامی قائدین نے شرکت کی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں سخت کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں کسی بھی پاکستانی شناخت کو فروغ نہ دیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا اور امن و امان کی برقراری کو یقینی بنایا۔ تاہم واقعہ کے بعد مقامی تاجر برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔





[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے