اسمرتی مندھانا ون ڈے میں 11 یا اس سے زیادہ سنچریاں بنانے والی تیسری خاتون کرکٹر بنیں

سہ فریقی ون ڈے سیریز کے فائنل میں اسمرتی مندھانا نے اپنی 11ویں سنچری اسکور کر کے عالمی سطح پر نئی تاریخ رقم کی، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی دنیا کی تیسری خاتون کرکٹر بن گئیں


ون ڈے سہ فریقی سیریز کے فائنل میں ہندوستانی خاتون ٹیم کی نائب کپتان اور سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا نے ایک شاندار سنچری اسکور کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ کولمبو کے آر پریم داسا اسٹیڈیم میں سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ہی انہوں نے خاتون ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیا۔ ان سے پہلے صرف 2 ایسی خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ سہ فریقی سیریز کے فائنل میں مندھانا نے 11ویں ون ڈے سنچری اسکور کی۔ ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچری اسکور کرنے والی کھلاڑیوں کی فہرست میں ان کا نام پہلے سے ہی درج ہے۔
دراصل اسمرتی مندھانا دنیائے خاتون کرکٹ کی تیسری ایسی کرکٹر ہیں جنہوں نے ون ڈے میں 11 یا اس سے زیادہ سنچریاں اسکور کی ہیں۔ مندھانا کے علاوہ آسٹریلیا کی میگ لیننگ اور نیوزی لینڈ کی سجی بیٹس ہی ون ڈے میں یہ کارنامہ کر سکی ہیں۔ میگ لیننگ نے 15 اور سجی بیٹس نے 13 سنچریاں اسکور کی ہیں۔ 11 سنچری اسکور کرنے کے ساتھ تیسرے مقام پر آنے والی اسمرتی مندھانا کی کوشش ہوگی کہ وہ جلد ہی پہلے مقام پر آ جائیں، کیونکہ ابھی وہ بہترین فارم سے گزر رہی ہیں۔ اسمرتی مندھانا نے انگلینڈ کی ٹیمی بیومینٹ کو پیچھے چھوڑ کر یہ مقام حاصل کیا ہے، ان کے نام ون ڈے میں 10 سنچریاں درج ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سہ فریقی سیریز کے فائنل میں میزبان سری لنکا کے خلاف اسمرتی مندھانا نے 101 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 116 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ انہوں نے یہ رن 114.85 کی اسٹرائک ریٹ سے بنائے، جس میں 15 چوکے اور 2 شاندار چھکے شامل تھے۔ واضح ہو کہ اسمرتی مندھانا کے لیے یہ سہ فریقی سیریز کافی اچھا رہا۔ انہوں نے 5 میچوں میں 52.80 کی اوسط سے 264 رن بنائے ہیں۔ جس میں 1 سنچری اور 1 نصف سنچری شامل ہے، یہ نصف سنچری انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف اسکور کیا تھا۔ ساتھ ہی مندھانا سہ فریقی سیریز میں ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ رن اسکور کرنے والی بلے باز بھی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔