مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، مقبوضہ فلسطین میں تعیینات امریکی سفیر مایک ہاکابی نے ایران کے خلاف بے بنیاد اور اشتعال انگیز الزامات عائد کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ اسرائیل ایران کے خلاف عسکری کارروائی کا اختیار محفوظ رکھتا ہے، خواہ تہران کے ساتھ کوئی معاہدہ ہی کیوں نہ ہوجائے۔
اسرائیلی چینل 12 کے مطابق ہاکابی نے غزہ میں جاری قتل عام اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے منفی کردار کو نظرانداز کرتے ہوئے حماس کو جنگ بندی معاہدے میں پیش رفت نہ ہونے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
انہوں نے دعوی کیا کہ حماس کا غزہ میں کوئی مستقبل نہیں ہے اور یہ تحریک آئندہ غزہ پر حکومت نہیں کرے گی۔
ہاکابی کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خود اسرائیل کے اندر نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی اور جنگ بندی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر ہفتہ وار مظاہرے جاری ہیں۔ عوامی حلقے اور اسرائیلی تجزیہ کار خود نیتن یاہو کو قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دے رہے ہیں۔