پھگواڑہ: ہندوستان کی سرحدی ریاستوں میں گزشتہ 3 دنوں سے پاکستان کی طرف سے مسلسل ڈرون حملوں کے بعد اب پاکستان نے زیادہ ہدف کی صلاحیت والے میزائلوں سے حملے شروع کر دیے ہیں جن کے دھماکوں سے کئی فٹ لمبے گہرے گڑھے پڑنے کے ساتھ ساتھ ان کا اثر کئی کلومیٹر تک محسوس کیا جارہا ہے۔
ہفتہ کی صبح پنجاب میں پھگواڑہ کے قریب گاؤں کھلیان میں ایک مشتبہ ڈرون یا میزائل گر کر تباہ ہو گیا جس سے ایک زبردست دھماکہ اور آگ لگ گئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ گاؤں کے رہنے والے میجر سنگھ کے کھیت میں صبح تقریباً 2:40 بجے پیش آیا۔
گاؤں کے عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکہ سے کچھ دیر قبل 2 ڈرون آدم پور کی سمت پرواز کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان میں سے ایک ڈرون گاؤں کھلیان کے کھیتوں میں گرا جس سے دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی۔ اس دھماکہ سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکے سے 8 سے 10 فٹ گہرا اور 12سے 15فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا۔گاؤں والوں نے فوری کارروائی کی اور دستیاب وسائل کا استعمال کرتے ہوئے آگ کے مزید پھیلنے سے پہلے ہی اس پر قابو پالیا۔ بعد ازاں فائر بریگیڈ کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا کام کیا۔ دھماکے کی شدت کے باوجود جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
پھگواڑہ کے رہائشیوں نے رات کے وقت ایک زوردار دھماکے کی آواز بھی سنی اور آسمان پر ڈرون لائٹس کو دیکھا۔ فضائی سرگرمیوں کے جواب میں احتیاطی اقدام کے طور پر تقریباً 2:15 بجے پھگواڑہ میں بلیک آؤٹ نافذ کر دیا گیا تھا۔ واقعہ کے ایک گھنٹے سے زائد عرصہ بعد راولپنڈی تھانے کی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس ذرائع نے تصدیق کی کہ مشتبہ ڈرون یا میزائل کی نوعیت اور اصلیت کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے اور عہدیدار کسی بھی دیگر واقعات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اس واقعہ نے علاقہ میں فضائی حدود کی حفاظت اور پرواز کرنے والی اشیاء کے ممکنہ ذرائع کے بارے میں خدشات پیدا کردیئے ہیں۔