مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوری جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ہندوستان اور پاکستان کو امن کی منطق اور عظیم ذہانت کی طرف رجوع کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، اور میں اس اقدام کے لیے ان کے عزم کی تعریف کرتا ہوں۔
اسی دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی اڑتالیس گھنٹوں کی مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اور دیگر امریکی حکام نے ہندوستانی اور پاکستانی حکام سے بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم مودی اور شہباز شریف کی دانائی ور امن پسندی کی تعریف کرتے ہیں۔
اسلام آباد نے تصدیق کر دی
دوسری جانب پاکستانی وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بھی اعلان کیا کہ ہم نے ہندوستان کے ساتھ فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کے حصول اور اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی جزوی معاہدہ نہیں ہے، بلکہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کے قیام پر مکمل مفاہمت ہے، نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان ملٹری چینلز قائم ہو چکے ہیں، تقریباً 30 ممالک نے سفارتی کوششوں میں حصہ لیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا عسکری رابطہ
اسی دوران الجزیرہ نے ہندوستان اور پاکستان کے فوجی حکام کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کی اطلاع دی ہے۔
پاکستانی ایئرپورٹ ذرائع نے آگاہ کیا ہے کہ ملک کی فضائی حدود کو پروازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔
جنگ بندی کا آغاز شام 5 بجے سے ہوگا
بھارتی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ بندی آج مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہوگی اور پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ فوجی کمانڈرز 12 مئی کو دوبارہ ملاقات کریں گے۔