شائنہ نے اپنی بہن کرنل صوفیہ قریشی کو ’جھانسی کی رانی‘ سے دی تشبیہ
ڈاکٹر شائنہ کے مطابق جب کرنل صوفیہ قریشی نے ’آپریشن سندور‘ کی جانکاری دی تو ایسا لگا کہ جھانسی کی رانی کی ’روح‘ پھر سے زندہ ہو گئی ہو۔ ایک ایسی بہادر خاتون جس سے صوفیہ ہمیشہ متاثر رہی ہیں۔
کرنل صوفیہ قریشی، ویڈیو گریب
آپریشن سندور کے بعد سے ہی کرنل صوفیہ قریشی کا نام ہر خاص و عام کی زبان پر ہے۔ ہر کوئی ان کی بہادری اور حب الوطنی کی تعریفیں کر رہا ہے۔ ہر کوئی ان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننے کا خواہاں ہے۔ خاص طور سے ان کی ابتدائی زندگی کے بارے میں۔ ’ہندوستان ٹائمز‘ میں شائع خبر کے مطابق ان کی جڑواں بہن ڈاکٹر شائنہ سنسارا نے بتایا کہ وہ اور ان کی جڑواں بہن کرنل صوفیہ قریشی ایک فوجی گھرانے میں پرورش پائیں۔ دونوں نے بچپن سے ہی فوج میں جانے کا خواب دیکھا۔ اس وقت بھی جب خواتین کو فوج میں جانے کی اجازت نہیں تھی، ہم نے ایسا خواب دیکھا۔ صوفیہ ملک کی خدمت کے لیے ہمیشہ موقع کی تلاش میں رہتی تھیں۔ وہ اکثر کہتی تھیں کہ اگر فوج میں انہیں جگہ نہیں ملی تو وہ ڈی آر ڈی او کے ذریعہ سائنس داں بن کر ملک کی خدمت کریں گی۔ اگر وہ بھی نہیں ہوا تو پولیس میں شامل ہو کر لوگوں کی خدمت کریں گی۔
ڈاکٹر شائنہ نے ’آپریشن سندور‘ کے بعد کرنل صوفیہ کے پریس کانفرنس کے حوالے سے بتایا کہ انہیں ایک رشتہ دار نے فون کر فوری طور پر ٹی وی آن کرنے کے لیے کہا۔ جب انہوں نے اپنی بہن کو ٹی وی پر ملک کے سامنے بولتے ہوئے دیکھا تو وہ لمحہ انتہائی جذباتی تھا۔ یہ نہ صرف اہل خانہ بلکہ پورے ملک کے لیے ایک فخریہ لمحہ تھا۔ ساتھ ہی شائنہ نے ’آپریشن سندور‘ کے لیے ہندوستانی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی کافی تعریف کی۔
واضح ہو کہ صوفیہ قریشی کے خاندان کا ہندوستان کی فوج اور حب الوطنی کی روایت سے گہرا تعلق ہے۔ ایک ’ٹیبلوئڈ‘ کے مطابق، شائنہ سنسار نے بتایا کہ ان کے والد نے 1971 کے بنگلہ دیش جنگ میں حصہ لیا تھا۔ ان کے چچا بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) میں تھے۔ ان کے پردادا نے پہلے برطانوی افوج میں خدمات انجام دیں، پھر آزادی کی لڑائی میں شامل ہو گئے۔ ان کی دادی اکثر ان کے آباؤ اجداد کی کہانی سناتی تھیں، جنہوں نے 1857 کے انقلاب میں جھانسی کی رانی کے ساتھ لڑائی لڑی تھی۔
ڈاکٹر شائنہ کے مطابق جب کرنل صوفیہ قریشی نے ’آپریشن سندور‘ کی جانکاری دی تو ایسا لگا کہ جھانسی کی رانی کی ’روح‘ پھر سے زندہ ہو گئی ہو۔ ایک ایسی بہادر خاتون جس سے صوفیہ ہمیشہ متاثر رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر شائنہ سنسار بھی اپنی بہن کرنل صوفیہ کی طرح غیر معمولی صلاحیت کی مالک ہیں۔ وہ ایک حقیقی آل راؤنڈر ہیں، وہ کئی کرداروں میں نظر آئی ہیں۔ وہ ایک ماہر اقتصادیات، ماہر ماحولیات، فیشن ڈیزائنر، سابق آرمی کیڈٹ اور رائفل شوٹنگ میں گولڈ میڈلسٹ (صدر جمہوریہ کی جانب سے نوازا گیا) ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔