
ممبئی کے ساحلی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری

ممبئی: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ممبئی کے ساحلی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، اور ریاستی ماہی گیری کے محکمے نے ماہی گیروں کو سخت انتباہ دیا ہے کہ وہ 877.97 کلومیٹر طویل مہاراشٹرا کی ساحلی پٹی پر آئل رِگ اور آف شور دفاعی علاقوں کے قریب مچھلی پکڑنے سے گریز کریں۔
سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرتے ہوئے ہندوستانی بحریہ نے ممبئی اور کونکن کے ماہی گیروں، ریاستی ماہی گیری محکمہ، کوسٹل پولیس، سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) اور کوسٹ گارڈ کے ساتھ حساس علاقوں میں ماہی گیری سے اجتناب کے مشورے کے تحت ایک اہم میٹنگ منعقد کی۔
ریاستی حکومت کے ایک سینئر افسر نے تصدیق کی کہ اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ممنوعہ علاقوں میں داخل ہونے کی صورت میں گولی مارنے کے احکام ہیں۔ اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کا جائزہ لیا گیا۔
یاد رہے کہ ممبئی میں 26/11 کے تباہ کن دہشت گرد حملے کے بعد، جب 10 مسلح دہشت گردوں نے ایک بھارتی ماہی گیری کشتی کو ہائی جیک کر کے شہر میں داخل ہو کر خونریزی مچائی تھی، تب سے ماہی گیری کشتیوں کا باقاعدہ سروے اور ان میں GPS آلات کی تنصیب لازم قرار دی گئی تھی تاکہ ان کی شناخت ممکن ہو سکے۔
ریاستی حکومت کو یہ قابل اعتماد انٹیلی جنس اطلاع موصول ہوئی ہے کہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے گجرات کی کچھ ماہی گیری کشتیوں اور ایک ہی ٹرالر کے ماہی گیروں کو اونچے سمندر میں پکڑ کر چھوڑا ہے، اور ان میں سے ایک کشتی کو ممبئی یا اس کے آس پاس چھپ کر راکٹ لانچروں سے حملے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ہندوستانی بحریہ اور ساحلی پولیس نے ماہی گیروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بحیرہ عرب میں مشکوک حرکات یا جہازوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی صورت میں سیکیورٹی ایجنسیوں کو فوری طور پر مطلع کریں۔
ایک سینئر پولیس افسر نے تصدیق کی کہ حقیقی وقت کی سیکیورٹی اطلاعات اور انٹیلی جنس رپورٹس پولیس، کوسٹ گارڈ، ہندوستانی بحریہ اور ساحلی پولیس کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں تاکہ طے شدہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs) کے تحت متحرک اور غیر متحرک کارروائیاں کر کے خطرات کو فوری طور پر ختم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ماہی گیروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر انہیں کوئی مشکوک یا لاپتہ کشتی نظر آئے تو وہ فوراً حکام کو اطلاع دیں۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے جمعہ کو پولیس، بحریہ اور کوسٹ گارڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ داخلی سلامتی پر ایک جائزہ میٹنگ کی، جس میں انہوں نے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا، "ہم جنگی ہدایات کے مطابق تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ ریاست مکمل طور پر الرٹ پر ہے۔”