مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی آرمی چیف بریگیڈیئر جنرل عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ ملک کی فضائی دفاعی فورسز کی سب سے اہم ذمہ داری ہے کہ اپنی آپریشنل صلاحیت کو بہتر بناییں اور جنگ کے لیے ہمیشہ تیار رہیں۔
انہوں نے ملک کی فضائی حدود کی دن رات نگرانی کرنے والے اہلکاروں کی انتھک محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ فضائی دفاع کا قومی سلامتی میں بنیادی کردار ہے اور یہ ملک کو بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل موسوی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہای کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی فورسز کو ہر وقت آپریشنل حالت میں رکھنا ایک مقدس فریضہ ہے۔
انہوں نے تربیت اور جدیدترین ٹیکنالوجی کے استعمال اور ملکی ماہرین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملکی ماہرین کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایرانی آرمی نے دفاع کے شعبے میں قابل قدر کامیابیاں حاصل کی ہیں جو ملک کے لیے باعث افتخار ہیں۔