نئی دہلی: زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے جمعہ کے روز کہا کہ ملک میں اناج اور دیگر غذائی اشیاء کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
شیوراج سنگھ چوہان نے آج یہاں جائزہ میٹنگ کے بعد کہا کہ ملک میں گیہوں‘ چاول‘ دال‘ تیل اور دیگر خورد ونوش کی اشیاء کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور بازار میں بھی مناسب دستیابی ہے۔ یہ جائزہ اجلاس پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستانی فوج کی طرف سے پاکستان کے خلاف شروع کی گئی کارروائی کے پیش نظر منعقد کیا گیا تھا۔
مرکزی وزیر زراعت نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ اناج کے کل رقبہ میں 3.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جس میں چاول اور مکئی کی پیداوار میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسی طرح خریف 2024 میں اناج کی کل پیداوار میں پچھلے سال 2023 کی خریف کی پیداوار کے مقابلہ میں 6.81 فیصد اضافہ ہوا تھا جس میں چاول‘ مکئی اور جوار وغیرہ جیسی فصلوں میں زیادہ پیداوار درج ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہملک میں خوردنی تیل اور دالوں کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور سبزیوں کی فصلیں بھی بہتر حالت میں ہیں۔ نامساعد موسمی حالات کے باوجود ہماری غذائی پیداوار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ربیع کا دوسرا تخمینہ بھی بہت امید افزا ہے۔
شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ملک کے کسانوں کے لیے یوریا‘ ڈی اے پی‘ این پی کے کے مناسب بندوبست کیے گئے ہیں۔ کھاد کا ذخیرہ شروع ہو گیا ہے۔