ولادت امام رضاؑ کی مناسبت سے تہران میں جشن کا بھر پور سماں+ تصاویر، ویڈیو

ولادت امام رضاؑ کی مناسبت سے تہران میں جشن کا بھر پور سماں+ تصاویر، ویڈیو

مہر نیوز کے نامہ نگار کے مطابق، آٹھویں آفتاب ولایت حضرت امام رضا علیہ السلام کی ولادت کی آمد پر ایران کے دار الحکومت تہران میں آج ایک عظیم الشان جشن کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں پیروان اہل بیت ع کا پرشکوہ اجتماع ہفت تیر اسکوائر سے حضرت ولی عصر اسکوائر تک نظر آرہا ہے جو رات دس بجے تک جاری رہے گا۔

اس عظیم الشان جشن کے شرکاء کی خدمت کے لئے 400 سے زیادہ انتظامی موکب (کھانے پینے سمیت دیگر ثقافتی خدمات کے خیمے) لگائے  گئے ہیں جہاں کئی ہزار رضاکار خدمت کے لئے آمادہ ہیں۔

اس عظیم اجتماع میں مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ جہاں والدین اپنے بچوں کے ساتھ ہلکی سی تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

حضرت امام علی بن موسی الرضا (ع) سے بے پناہ محبت و عقیدت ایرانیوں کے وجود میں رچ بس گئی ہے جس کا اظہار اس پرشکوہ جشن میں نظر آرہا ہے۔

اس عظیم جشن میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بھرپور انداز میں شریک نظر آتے ہیں۔ جہاں ایک طرف بچے کھیل کود میں مصروف ہیں تو دوسری طرف ہاتھوں میں پرچم امام رضا تھامے عقیدت مندوں کا سیل رواں اپنی منزل کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، فضاوں میں یا ثامن الحجج کی صدائیں گونج رہی ہیں اور مداحان اہل بیت ع مدحت ثامن الحجج کے پھول نچھاور کر رہے ہیں۔

تہران میں عظیم اجتماعِ امام رضائی‌ہا، شہداء کی یاد، فلسطین سے یکجہتی اور کاروانِ امام رضا (ع) کی علامتی حرکت

ایران کے قلب میں واقع میدان ولیعصر میں آج عظیم الشان اجتماعِ امام رضائی‌ہا منعقد ہوا، جس کا مرکزی نعرہ "ایران امام رضاؑ” تھا۔ اس اجتماع کا مقصد نہ صرف امام رضا (ع) کی ولادت کی خوشی منانا تھا بلکہ مختلف قومی، دینی اور انسانی امور کو بھی اجاگر کرنا تھا۔

اجتماع کے اہم نکات میں شہداء خدمت اور سابق شہید صدر آیت اللہ رئیسی کی پہلی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنا شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ کے مظلوم عوام اور محور مقاومت کی حمایت، اور آزادی قدس شریف کے لیے دعا بھی اجتماع کا نمایاں حصہ رہا۔

اس موقع پر بندرعباس حادثے کے جان بحق افراد کی یاد بھی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

تقریب میں کاروانِ امام رضا (ع) کی ایران میں آمد کی علامتی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں حضرت کے مختلف شہروں میں داخلے کی منظرکشی کی گئی۔ 

کاروان کے استقبال کے لیے مختلف علاقوں سے آئے افراد نے مقامی لباس پہن کر ایرانی اقوام کی نمائندگی کی اور پھول نچھاور کر کے حضرت امام رضا علیہ السلام سے عقیدت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر دشمنانِ ایران کی خلیج فارس کے بارے میں ہرزہ سرائی کے جواب میں لڑکیوں کے ایک نعتیہ گروپ نے "خلیج تا ابد فارس” کے عنوان سے ایک خوبصورت ترانہ پیش کیا، جس میں موجود شرکاء نے ہم آواز ہو کر وطن سے محبت کا عملی مظاہرہ کیا۔

تہران میں جشنِ امام ولادت امام رضاؑ جوش و خروش سے جاری، ضیافت، ثقافتی پروگرام اور خلیج فارس کے نام کی حمایت

 تہران میں ہفت تیر اسکوائر سے ولیعصر اسکوائر تک جاری عظیم الشان جشنِ ولادت امام رضاؑ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بھرپور جوش و خروش سے جاری ہے۔ اس دوران مختلف موکب شرکاء کو متنوع خوراک کی اشیاء پیش کر رہے ہیں، جن میں مختلف مٹھائی، شربت، پھل، سوپ، مختلف اقسام کے کھانے کباب اور دیگر شامل ہیں۔

ولیعصر اسکوائر کا مرکزی اسٹیج، جو امام رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک کی دلکش تصویروں سے مزین ہے، ایک روحانی اور دیدنی منظر پیش کر رہا ہے۔ اس اسٹیج پر دن بھر فنکاروں، نعت خواں گروپس اور دیگر نمایشی پروگراموں کی میزبانی کی جا رہی ہے، اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

علاوہ ازیں، خلیج فارس کے نام کی تبدیلی سے متعلق بعض بیانات پر ایرانی عوام کی شدید ردعمل کے بعد، جشن میں ایک عوامی دستخطی بینر بھی نصب کیا گیا ہے۔ اس بینر پر شہریوں نے خلیج "ہمیشہ فارس” کے نام کی حمایت میں اپنے انگوٹھے کا نشان ایرانی نقشے پر ثبت کر کے قومی وحدت اور تاریخی شناخت کے تحفظ کا اظہار کیا۔

جشن میں رہبر معظم انقلاب کے مشیر محمد مخبر کی شرکت

اس موقع پر ڈاکٹر مخبر نے مہر نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اس سال شہید رئیسی کی کمی واضح طور پر محسوس کی جارہی ہے۔

جشن امام رضاؑ کے موقع پر ہیلی کاپٹروں سے شرکاء پر پھولوں کی بارش، اذان مغرب کے بعد عبادت اور جشن کا تسلسلہ جاری

 کچھ دیر قبل تہران کی کریم خان زند اسٹریٹ کے اوپر پرواز کرتے ہوئے ہیلی کاپٹروں نے جشنِ امام رضائی‌ها کے راستے پر پھولوں کی بارش کی، جسے عوام نے جوش و خروش سے سراہا۔

جشن کے دوران، جیسے ہی اذانِ مغرب کی روح پرور گھڑی تہران کے افق پر پہنچی، پورے علاقے میں اذان کی آواز گونج اٹھی۔ اس مبارک لمحے میں شرکاء نے اجتماع کی فضا میں ہی نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی۔

نماز کے بعد جشن کی تقریبات کا سلسلہ جاری رہا اور حضرت امام رضا علیہ السلام کی ولادت کے اس عظیم موقع پر تہران کی فضا عقیدت، مسرت اور قومی یکجہتی سے معمور رہی۔

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے