دہلی کانگریس نے ہندوستانی افواج کی حمایت میں نکالی ’جئے ہند یاترا‘، اجئے ماکن اور پون کھیڑا کی بھی شرکت

’جئے ہند یاترا‘ میں کانگریس جنرل سکریٹری وینوگوپال، سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو، کانگریس جنرل سکریٹری سچن پائلٹ، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی چیئرپرسن سپریا وغیرہ نے شرکت کی۔


دہلی کانگریس کی ’جئے ہند یاترا‘ میں شامل پارٹی کے سینئر لیڈران
’’دہشت گردوں کے پناہ گاہ پاکستان کو منھ توڑ جواب دینے کے لیے ہندوستانی فوج نے محاذ کھول دیا ہے۔ پاکستان کی کوئی بھی بزدلانہ حرکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہماری افواج کے ساتھ کانگریس کا ایک ایک کارکن کھڑا ہے۔‘‘ یہ بیان کانگریس کے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر اس ویڈیو کے ساتھ دیا گیا ہے جس میں کانگریس لیڈران و کارکنان ہندوستانی افواج کی حمایت میں ’جئے ہند یاترا‘ نکالتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ دہلی کانگریس انچارج قاضی نظام الدین اور دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کی موجودگی میں کانگریس کے سرکردہ لیڈران و کارکنان نے ہندوستانی افواج کے جانبازوں کی حمایت میں یہ ’جئے ہند یاترا‘ نکالی۔
کانگریس نے اس یاترا سے متعلق ایک دیگر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہماری فوج نے عزم کر لیا ہے کہ اب دہشت گردی اور اسے فروغ دینے والے پاکستان کے منصوبوں کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس چیلنج بھرے وقت میں کانگریس کا ہر ایک کارکن فوج کے جانبازوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھنے کو تیار ہے۔ آج کانگریس کے لیڈران و کارکنان نے ہندوستانی فوج کی بہادری اور ہمت کو سلام کرتے ہوئے دہلی میں ’جئے ہند یاترا‘ نکالی۔ ہمیں اپنی فوج اور بہادر جوانوں پر فخر ہے۔‘‘
دہلی میں نکلی اس ’جئے ہند یاترا‘ میں کانگریس خزانچی اجئے ماکن، تنظیم جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو اور سینئر لیڈر و ترجمان پون کھیڑا ترنگا لے کر آگے آگے چلتے ہوئے دکھائی دیے۔ یہ یاترا جنتر منتر سے شروع ہوئی جس میں کانگریس جنرل سکریٹری سچن پائلٹ، دہلی کانگریس انچارج قاضی نظام الدین، دہلی کانگریس کے سابق صدر سبھاش چوپڑا، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی چیئرپرسن سپریا شرینیت، ویمنس کانگریس صدر الکا لامبا، یوتھ کانگریس صدر اودے بھانو چِب، سندیپ دیکشت، ادت راج، راگنی نایک، گردیپ سنگھ سپل، روہت چودھری، انل بھاردواج، حسن احمد، علی مہدی سمیت ہزاروں کانگریس کارکنان بھی شامل تھے۔ سبھی ’جئے ہند، جئے جوان، جئے کسان‘ کے نعرے بلند کر رہے تھے۔
اس یاترا کے دوران دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے واضح کر دیا ہے کہ بحران کے وقت پارٹی پالیٹکس سے اوپر اٹھ کر دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف ملک کے مفاد میں ہر طرح کی فوجی کارروائی سمیت حفاظت کی سمت میں ہم دِل، فعل اور عمل سے حکومت ہند کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کے خلاف حکومت ہند کے ہر بڑے فیصلے کو کانگریس پارٹی کی مکمل حمایت رہے گی۔ ہندوستانی فوج کے جذبہ کو ہم سلام کرتے ہیں اور ’جئے ہند یاترا‘ کے تحت اپنی فوج کی حمایت میں اپنے مکمل سیاسی عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔