مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، غزہ میں فلسطینی مقاومت کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے صہیونی فوجیوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ صہیونی فوج کے مطابق رفح کے جنوبی علاقے میں گذشتہ روز مزید دو صہیونی فوجی مارے گئے۔
صہیونی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے آغاز سے اب تک 856 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جنگ غزہ میں صہیونی فوج کے ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کی اصل تعداد اسرائیلی حکام کی طرف سے ظاہر کردہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔
دوسری طرف عزالدین قسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے مجاہدین نے صہیونی انجینئرنگ یونٹ کے 12 اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ رفح شہر کے مشرقی علاقے التنور میں واقع الفدائی چوراہے کے قریب ایک گھر کو دھماکے سے اُڑانے کی تیاری کررہے تھے۔
بیان کے مطابق حماس کے مجاہدین کے حملے کے بعد علاقے میں کئی صہیونی فوجیوں کی لاشوں کے ٹکڑے بکھرے ہوئے تھے۔