مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران اور بھارت کے وزرائے خارجہ نے نئی دہلی میں ایک اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور بھارتی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر نے جمعرات کی صبح ملاقات کی۔
نئی دہلی پہنچنے پر عراقچی نے امید ظاہر کی کہ بھارت اور پاکستان خطے میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ ایک طویل المدتی منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس منعقد کرنا ہے۔
عراقچی نے کہا کہ ایران اور بھارت کے درمیان اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر سیاسی مشاورت ہوتی رہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے بھارتی ہم منصب سے علاقائی امور پر بات چیت کریں گے اور خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ پر زور دیں گے۔