"مسکان” کی مسکراہٹ نے دنیا کا دل جیت لیا (ویڈیو)

"مسکان” کی مسکراہٹ نے دنیا کا دل جیت لیا (ویڈیو)

کابل : ایک ننھی افغان بچی، جس کی سبز آنکھوں اور معصوم مسکراہٹ نے دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا لیا ہے، آج سوشل میڈیا پر مرکزِ نگاہ بنی ہوئی ہے۔ فوٹوگرافر محمد عثمان عزیزی کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی۔

عثمانی نے اس بچی کا کوئی نام نہ جانتے ہوئے، اسے "مسکان” کا نام دیا — کیونکہ اس کی معصوم مسکراہٹ میں انہیں ایک امید کی کرن نظر آئی۔ ویڈیو کے ساتھ عثمان نے کیپشن میں لکھا: "میں اس کی مسکراہٹ سے اپنی نظریں نہیں ہٹا سکا۔”

یہ ویڈیو اب تک چار کروڑ سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے اور چالیس لاکھ سے زیادہ لائکس حاصل کر چکی ہے۔ صارفین مسلسل کمنٹس کر رہے ہیں، کچھ نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کی سب سے خوبصورت ویڈیو ہے، تو کچھ نے بچی کی مسکراہٹ کو "دل چھو لینے والا لمحہ” قرار دیا۔

محمد عثمان عزیزی نے بتایا کہ یہ تصویر انہوں نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان واقع تورخم بارڈر پر لی، جو جلال آباد کے قریب واقع ہے۔ یہ بچی ان پناہ گزین خاندانوں میں سے ہے جنہیں پاکستان سے جبری طور پر واپس افغانستان بھیجا جا رہا ہے۔

عثمانی لکھتے ہیں:”جب میری نظر اس بچی پر پڑی، اس کی چمکتی ہوئی سبز آنکھوں میں ایک ایسی معصوم حیرانی، الجھن اور خاموش کہانی تھی جو لفظوں میں بیان نہیں کی جا سکتی۔”

انہوں نے مزید بتایا: "جیسے ہی میں نے کیمرہ اٹھایا، وہ تھوڑی شرمائی، نظریں چرا لیں۔ لیکن جب میں نے مسکرایا، تو اس نے بھی ایک ہلکی سی، ڈری ڈری سی مسکراہٹ دی۔ اسے نہ اپنے خاندان کا علم ہے، نہ منزل کا۔ لیکن اس کی مسکراہٹ نے مجھے انسانیت کے جذبے کی یاد دلائی۔”

اس ننھی بچی کی ویڈیو نے دنیا بھر میں لاکھوں دلوں کو چھو لیا ہے۔ مختلف ممالک کے صارفین نے اس پر تبصرے کیے ہیں اور اس بات کا اظہار کیا ہے کہ اتنے مشکل حالات میں بھی اس بچی کی معصوم مسکراہٹ ان کے لیے امید، محبت اور زندگی کا پیغام ہے۔

عثمانی کو اب بھی امید ہے کہ ایک دن وہ "مسکان” کا اصل نام اور اس کی کہانی پوری طرح جان سکیں گے۔





[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے